سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس نے ٹخنوں سے نیچے کپڑا رکھا (جیسے شلوار، پتلون، پاجامہ وغیرہ) تو وہ آگ میں جلے گا۔“
ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات ہو گئی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم ”بردیمانی“(ایک یمنی چادر) میں ڈھکے ہوئے تھے۔“
سیدنا ابوذر رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم سفید کپڑے پہنے ہوئے سو رہے تھے۔ پھر تھوڑی دیر کے بعد گیا تو جاگ رہے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے (اس وقت) یہ فرمایا: ”جس نے کلمہ لا الہٰ الا اللہ کہا اور اسی پر اس کا خاتمہ ہوا تو وہ ضرور جنت میں داخل ہو گا۔“ میں نے کہا اگرچہ اس نے زنا اور چوری کی ہو؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اگرچہ اس نے زنا اور چوری کی ہو۔“ میں نے دوبارہ کہا اگرچہ اس نے زنا اور چوری کی ہو؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اگرچہ اس نے زنا اور چوری کی ہو۔“ میں نے تیسری مرتبہ کہا اگرچہ اس نے زنا اور چوری کی ہو؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اگرچہ اس نے زنا اور چوری کی ہو۔“(اور) ابوذر کی ناک خاک آلود ہو۔“(یعنی اگرچہ ابوذر کو برا معلوم ہو)۔ اور جب سیدنا ابوذر رضی اللہ عنہ اس حدیث کو بیان کرتے تو (بطریق فخر) فرماتے ”ابوذر کی ناک خاک آلود ہو۔“
امیرالمؤمنین عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ریشمی کپڑے سے منع فرمایا ہے مگر اس قدر پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی شہادت کی اور درمیانی والی دونوں انگلیوں کو ملا کر دکھایا (یعنی بقدر دو انگلیوں کی چوڑان کے جائز ہے) وہ اس سے کپڑے کا حاشیہ یا بیل بوٹے مراد لے رہے تھے۔
امیرالمؤمنین عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے ہی روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس نے ریشمی لباس دنیا میں پہنا وہ آخرت میں نہ پہنے گا۔“
سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں منع فرمایا: ”سونے چاندی کی برتنوں میں ہم کھائیں پئیں، ریشمی کپڑا حریر اور دیباج وغیرہ پہنیں اور ان پر بیٹھیں (اور ان کو بستر بنائیں)“
سیدنا انس رضی اللہ عنہ ہی سے روایت ہے کہ ان سے پوچھا گیا کہ کیا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جوتے سمیت نماز پڑھ لیتے تھے؟ تو انھوں نے جواب دیا: ”جی ہاں۔“(نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جوتے سمیت نماز پڑھ لیتے تھے)۔
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تم میں سے کوئی شخص ایک پاؤں میں جوتا پہن کر نہ چلے بلکہ چاہیے کہ دونوں جوتے پہنے یا دونوں اتار دے۔“