الحمدللہ! انگلش میں کتب الستہ سرچ کی سہولت کے ساتھ پیش کر دی گئی ہے۔
كتاب الحج عن رسول الله صلى الله عليه وسلم کتاب: حج کے احکام و مناسک 72. باب مَا جَاءَ فِي رُكُوبِ الْبَدَنَةِ باب: ہدی کے اونٹ پر سوار ہونے کا بیان۔
انس رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک شخص کو ہدی کے اونٹ ہانکتے دیکھا، تو اسے حکم دیا ”اس پر سوار ہو جاؤ“، اس نے عرض کیا: اللہ کے رسول! یہ ہدی کا اونٹ ہے، پھر آپ نے اس سے تیسری یا چوتھی بار میں کہا: ”اس پر سوار ہو جاؤ، تمہارا برا ہو ۱؎ یا تمہاری ہلاکت ہو“۔
۱- انس رضی الله عنہ کی حدیث حسن صحیح ہے، ۲- اس باب میں علی، ابوہریرہ، اور جابر رضی الله عنہم سے بھی احادیث آئی ہیں، ۳- صحابہ کرام وغیرہ میں سے اہل علم کی ایک جماعت نے ہدی کے جانور پر سوار ہونے کی اجازت دی ہے، جب کہ وہ اس کا محتاج ہو، یہی شافعی، احمد اور اسحاق بن راہویہ کا قول ہے، ۴- بعض کہتے ہیں: جب تک مجبور نہ ہو ہدی کے جانور پر سوار نہ ہو۔ تخریج الحدیث: «صحیح البخاری/الوصایا 12 (2754) (تحفة الأشراف: 1437) (صحیح) وأخرجہ کل من: صحیح البخاری/103 (1690)، والأدب 95 (6159)، صحیح مسلم/الحج 65 (1323)، سنن النسائی/الحج 74 (2802)، مسند احمد (3/99، 170، 173، 202، 231، 334، 275، 276، 291)، سنن الدارمی/المناسک 49 () من غیر ہذا الطریق۔»
وضاحت: ۱؎: یہ آپ نے تنبیہ اور ڈانٹ کے طور پر فرمایا کیونکہ سواری کی اجازت آپ اسے پہلے دے چکے تھے اور آپ کو یہ پہلے معلوم تھا کہ یہ ہدی ہے۔ قال الشيخ الألباني: صحيح
|