سوانح حیات امام حمیدی رحمہ اللہ:
امام حمیدی کے حالات:
نام:
ابوبکر عبدالله بن زبیر بن عیسی بن عبیدالله بن أسامه القرشي الأسدى الحميدي المكي۔
لقب:
صاحب المسند۔
ولادت:
تاریخ ولادت معلوم نہیں۔
شیوخ کرام:
آپ نے بہت سارے محدثین سے علم حاصل کیاجن میں سے چند یہ ہیں:
فضیل بن عیاض، وکیع بن جراح، ولید بن مسلم، یعلی بن عبید، مروان الفزاری وغیرهم، آپ نے سب سے زیادہ امام سفیان بن عیینہ سے استفادہ کیا۔ یہاں تک کہ امام شافعی رحمہ الله نے کہا کہ امام حمیدی کو امام سفیان بن عیینہ کی دس ہزار احادیث زبانی یاد ہیں، امام احمد، امام اسحاق بن راہویہ اور امام بخاری رحمہ اللہ نے انہیں ”امام“ کے لقب سے یاد کیا ہے اور یہ مکہ مکر مہ میں امام شافعی کے ہم پلہ لوگوں میں سے تھے۔ امام بخاری رحمہ اللہ نے کہا کہ امام حمیدی اپنے استاد امام ابن عیینہ کے ساتھ 19 سال رہے۔
[التاريخ الكبير: 44/5]
تلامذہ:
امام حمیدی سے بہت سارے طلاب علم نے فائدہ اٹھایاجن میں سے چند کے نام یہ ہیں:
امام بخاری رحمہ اللہ، بلکہ امام بخاری رحمہ اللہ نے اپنی کتاب صحیح بخاری کی پہلی حدیث اپنے انھی استاذ محترم سے روایت کی ہے۔ اسی طرح ان کے شاگردوں میں سے امام ابوحاتم، رازی، امام ابوزرعہ رازی، محمد بن یحیٰی الذھلی، یعقو ب بن سفیان، بشر بن موسی الاسدی اور ابوبکر محمد بن ادریس المکی وغیرھم اور بشر بن موسی جو مسند حمیدی اور اصول السنہ کے راوی ہیں۔
وفات:
آپ 219 ھ میں مکہ میں فوت ہوئے۔ [الجرح والتعديل لابن ابي حاتم: 112/11، 113، سير اعلام النبلاء: 616/10 - 621]
مقام و مرتبہ:
امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ نے کہا: «الحميدي عندنا امام .» [السير: 619/10]
امام بخاری رحمہ اللہ نے کہا: «امام فى الحديث .» [السير: 619/10]
امام ابوحاتم رحمہ اللہ نے کہا: ابن عیینہ کے شاگردوں میں سب سے زیادہ ثقہ ہیں اور ابن عیینہ کے شاگردوں میں سے سردار ہیں اور وہ ثقہ امام ہیں۔ [الجرح والتعديل لابن ابي حاتم: 112/11، 113]
یعقوب الفسوی نے کہا: ”ہم سے حمیدی نے بیان کیا اور میں کسی ایسے شخص سے نہیں ملا جو ان سے زیادہ اسلام اور مسلمانوں کا خیر خواہ ہو۔“ [السير: 616/10 - 621]
اسحاق بن راہویہ نے کہا کہ ہمارے زمانے میں ائمہ یہ ہیں: شافعی رحمہ الله، حمیدی رحمہ الله اور ابوعبید رحمہ الله۔ [السير: 616/10 - 621]
حاکم نے کہا کہ جب امام بخاری رحمہ اللہ کوئی حدیث حمیدی سے لے لیتے تھے تو پھر وہ کسی اور کے پاس اس حدیث کے بارے میں نہیں جاتے تھے۔ [تقريب التهذيب، ص: 506]
آپ کو
امام ابومحمد حرب الکرمانی [اقتضاء الصراط المستقيم لابن تيميه: 371/1]
امام لالکائی [شرح اصول الاعتقاد: 36/1]
اور امام ابن تیمیه [منهاج السنة: 244/7]
وغیرہ نے سنت کا امام قرار دیا ہے۔