ولادت:
آپ کے سن پیدائش میں اختلاف ہے، بعض نے (214ھ) اور بعض نے (215ھ) بیان کیا ہے۔ [التذكره، التهذيب، طبقات الشافعيه]
خود امام نسائی سے منقول ہے کہ میری پیدائش اندازاً (215ھ) کی ہے، اس لیے کہ (230ھ) میں، میں نے پہلا سفر قتیبہ بن سعید کے لیے کیا اور ان کے پاس ایک سال دو مہینے اقامت کی۔ [تهذيب الكمال 1/338، سير أعلام النبلاء 14/125]
ابن یونس مصری: ابن یونس مصری کہتے ہیں: امام نسائی بہت پہلے مصر آئے، وہاں پر علماء سے احادیث لکھیں، اور طلبہ نے آپ سے احادیث لکھیں، آپ امام حدیث، ثقہ، ثبت اور حافظ حدیث تھے، مصر سے ماہ ذی القعدۃ (302ھ) میں نکلے اور دوشنبہ کے دن 13 صفر 303ھ فلسطین میں آپ کی وفات ہوئی۔ [تهذيب الكمال، تذكرة الحفاظ 2/701، السير14/133، الحطة فى ذكر الصحاح الستة 458]
امام ذہبی: امام ذہبی دول الاسلام میں کہتے ہیں: امام نسائی کی عمر (88) سال تھی، (215ھ) کی تاریخ پیدائش کی بنا پر یہ ایک اندازہ ہے، اکثر علماء نے امام نسائی کی عمر (88) سال بتائی ہے۔ [البداية والنهاية 11/124، توضيح المشتبه لابن ناصر الدين الدمشقي 5/18، تهذيب التهذيب 1/36، 37، شذرات الذهب]
اس تفصیل سے معلوم ہوا کہ بعض لوگوں نے امام نسائی کی پیدائش (225ھ) لکھی ہے، جو صحیح نہیں ہے، چنانچہ ابن العماد نے امام نسائی کی وفات (303ھ) ذکر کرتے ہوئے کہا: «وله ثمان وثمانون سنة» اس لحاظ سے بعض مورخین کا یہ کہنا کہ نسائی کی پیدائش (225ھ) میں ہوئی صحیح نہیں ہے۔ [شذرا ت الذهب]