اِسْتَأْذَنَ
اذن بمعنی (اجازت یا منظوری) سے مشتق ہے۔ اِسْتَأْذَنَ بمعنی منظوری حاصل کرنا کسی کام کے لیے اجازت چاہنا اور اِسْتَأْذَنَ عَلَیْه بمعنی اندر آنے کی اجازت طلب کرنا۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے:
لَا يَسْتَأْذِنُكَ الَّذِينَ يُؤْمِنُونَ بِاللَّهِ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ أَنْ يُجَاهِدُوا بِأَمْوَالِهِمْ وَأَنْفُسِهِمْ
”جو لوگ خدا اور آخرت پر ایمان رکھتے ہیں۔ وہ تو آپ سے اجازت نہیں چاہتے کہ پیچھے رہ جائیں بلکہ چاہتے ہیں کہ اپنے مال اور جان سے جہاد کریں۔“
[9-التوبة:44]
اِسْتَأْنَسَ
اٰنَسَ بمعنی کسی چیز کو دیکھنا اور اس کو جاننا اٰنس الصوت بمعنی آواز سن لینا ، اٰنس النار بمعنی آگ دیکھنا۔ اسی سے اِسْتَأْنَسَ مشتق ہے۔ بمعنی موانست پیدا کرنا ۔ اپنے قول و فعل کے ذریعے دوسرے کو اپنے سے متعارف کرنا۔ مثلاً کوئی شخص دروازے پر کھڑا ہوکر صاحب خانہ کو آواز دیتا ہے یا کھانستا ہے تو اس آواز یا کھانسنے کے عمل سے صاحب خانہ کو معلوم ہو جاتا ہے کہ دروازے پر فلاں شخص ہے تو اِسْتَأْنَسَ کا مفہوم پورا ہو گیا۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے:
يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا تَدْخُلُوا بُيُوتًا غَيْرَ بُيُوتِكُمْ حَتَّى تَسْتَأْنِسُوا وَتُسَلِّمُوا عَلَى أَهْلِهَا
”اے ایمان والو! اپنے گھروں کے سوا دوسرے لوگوں کے گھروں میں گھر والوں سے اجازت لیے اور ان کو سلام کیے بغیر نہ داخل ہوا کرو۔“
[24-النور:27]