فضالہ بن عبید رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ
صلی اللہ علیہ وسلم ہم لوگوں کے ساتھ
(مسجد میں) تشریف فرما تھے، اس وقت ایک شخص مسجد میں آیا، اس نے نماز پڑھی، اور یہ دعا کی: اے اللہ! میری مغفرت کر دے اور مجھ پر رحم فرما، رسول اللہ
صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
”اے نمازی! تو نے جلدی کی، جب تو نماز پڑھ کر بیٹھے تو اللہ کے شایان شان اس کی حمد بیان کر اور پھر مجھ پر صلاۃ
(درود) بھیج، پھر اللہ سے دعا کر
“، کہتے ہیں: اس کے بعد پھر ایک اور شخص نے نماز پڑھی، اس نے اللہ کی حمد بیان کی اور نبی اکرم
صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجا تو نبی اکرم
صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
”اے نمازی! دعا کر، تیری دعا قبول کی جائے گی
“۔
امام ترمذی کہتے ہیں:
۱- یہ حدیث حسن ہے،
۲- اس حدیث کو حیوہ بن شریح نے ابوہانی خولانی سے روایت کی ہے۔
[سنن ترمذي/كتاب الدعوات عن رسول الله صلى الله عليه وسلم/حدیث: 3476]