الحمدللہ ! احادیث کتب الستہ آف لائن ایپ ریلیز کر دی گئی ہے۔    

1- حدیث نمبر سے حدیث تلاش کیجئے:



سنن ترمذي
كتاب تفسير القرآن عن رسول الله صلى الله عليه وسلم
کتاب: تفسیر قرآن کریم
34. باب وَمِنْ سُورَةِ الأَحْزَابِ
34. باب: سورۃ الاحزاب سے بعض آیات کی تفسیر۔
حدیث نمبر: 3204
حَدَّثَنَا عَبْدُ بْنُ حُمَيْدٍ، حَدَّثَنَا عُثْمَانُ بْنُ عُمَرَ، عَنْ يُونُسَ بْنِ يَزِيدَ، عَنِ الزُّهْرِيِّ، عَنْ أَبِي سَلَمَةَ، عَنْ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا، قَالَتْ: لَمَّا أُمِرَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بِتَخْيِيرِ أَزْوَاجِهِ بَدَأَ بِي، فَقَالَ: " يَا عَائِشَةُ إِنِّي ذَاكِرٌ لَكِ أَمْرًا فَلَا عَلَيْكِ أَنْ لَا تَسْتَعْجِلِي حَتَّى تَسْتَأْمِرِي أَبَوَيْكِ "، قَالَتْ: وَقَدْ عَلِمَ أَنَّ أَبَوَايَ لَمْ يَكُونَا لِيَأْمُرَانِي بِفِرَاقِهِ، قَالَتْ: ثُمَّ قَالَ: " إِنَّ اللَّهَ تَعَالَى، يَقُولُ: يَأَيُّهَا النَّبِيُّ قُلْ لأَزْوَاجِكَ إِنْ كُنْتُنَّ تُرِدْنَ الْحَيَاةَ الدُّنْيَا وَزِينَتَهَا فَتَعَالَيْنَ حَتَّى بَلَغَ لِلْمُحْسِنَاتِ مِنْكُنَّ أَجْرًا عَظِيمًا سورة الأحزاب آية 28 ـ 29، فَقُلْتُ: فِي أَيِّ هَذَا أَسْتَأْمِرُ أَبَوَيَّ، فَإِنِّي أُرِيدُ اللَّهَ وَرَسُولَهُ وَالدَّارَ الْآخِرَةَ، وَفَعَلَ أَزْوَاجُ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مِثْلَ مَا فَعَلْتُ ". قَالَ أَبُو عِيسَى: هَذَا حَدِيثٌ حَسَنٌ صَحِيحٌ وَقَدْ رُوِيَ هَذَا أَيْضًا عَنِ الزُّهْرِيِّ، عَنْ عُرْوَةَ، عَنْ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا.
ام المؤمنین عائشہ رضی الله عنہا کہتی ہیں کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو حکم دیا گیا کہ وہ اپنی بیویوں کو اختیار دے دیں ۱؎ تو آپ نے اپنی اس کاروائی کی ابتداء مجھ سے کی: آپ نے کہا: عائشہ! میں تمہارے سامنے ایک معاملہ رکھتا ہوں، تم اپنے ماں باپ سے مشورہ لیے بغیر جواب دہی میں جلد بازی نہ کرنا، عائشہ رضی الله عنہا کہتی ہیں کہ آپ خوب سمجھتے تھے کہ میرے والدین مجھے آپ سے جدائی و علیحدگی اختیار کر لینے کا حکم نہیں دے سکتے تھے۔ پھر آپ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ فرماتا ہے «يا أيها النبي قل لأزواجك إن كنتن تردن الحياة الدنيا وزينتها فتعالين» سے لے کر یہاں تک «للمحسنات منكن أجرا عظيما» ۲؎ میں نے کہا: کیا میں اس بارے میں ماں باپ سے مشورہ لوں؟ (نہیں مجھے کسی مشورہ کی ضرورت نہیں) میں اللہ اور اس کے رسول کو چاہتی ہوں اور آخرت کے گھر کو پسند کرتی ہوں، آپ کی دیگر بیویوں نے بھی ویسا ہی کچھ کہا جیسا میں نے کہا تھا۔
امام ترمذی کہتے ہیں:
۱- یہ حدیث حسن صحیح ہے،
۲- یہ حدیث زہری سے بھی مروی ہے، زہری نے عروہ سے اور عروہ نے عائشہ سے روایت کی ہے۔ [سنن ترمذي/كتاب تفسير القرآن عن رسول الله صلى الله عليه وسلم/حدیث: 3204]
تخریج الحدیث دارالدعوہ: «صحیح البخاری/تفسیر سورة الأحزاب 4 (4785)، صحیح مسلم/الطلاق 4 (1475)، سنن النسائی/النکاح 2 (3203)، والطلاق 26 (3469)، سنن ابن ماجہ/الطلاق 20 (2053) (تحفة الأشراف: 17767)، و مسند احمد (6/78، 103، 185، 248، 264)، وسنن الدارمی/الطلاق 5 (2274) (صحیح)»

وضاحت: ۱؎: یعنی وہ چاہیں تو آپ کے ساتھ رہیں اور تنگی کی زندگی گزاریں، اور اگر دنیا اور دنیا کی زینت چاہتی ہیں تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ساتھ چھوڑ دیں۔
۲؎: اے نبی! آپ اپنی بیویوں سے کہہ دیجئیے کہ تمہیں اگر دنیا اور دنیا کی زینت چاہیئے تو آؤ میں کچھ دے کر چھوڑ چھاڑ دوں، (طلاق کے ساتھ کچھ مال دے کر بھلے طریقے سے رخصت کر دوں) اور اگر تم اللہ اور اس کے رسول کو چاہتی ہو اور آخرت کا گھر تمہیں مطلوب ہے تو اللہ نے تم نیکو کاروں کے لیے بہت بڑا اجر تیار کر رکھا ہے (الاحزاب: ۲۸-۲۹)۔

قال الشيخ الألباني: صحيح

   صحيح البخاريخيرنا رسول الله فاخترنا الله ورسوله فلم يعد ذلك علينا شيئا
   صحيح البخاريخيرنا النبي أفكان طلاقا
   صحيح مسلمخيرنا رسول الله فاخترناه فلم يعددها علينا شيئا
   صحيح مسلمخيرنا رسول الله فلم نعده طلاقا
   صحيح مسلمخيرنا رسول الله أفكان طلاقا
   صحيح مسلمخير نساءه فلم يكن طلاقا
   صحيح مسلمخيرنا رسول الله فاخترناه فلم يعده طلاقا
   جامع الترمذيخيرنا رسول الله فاخترناه أفكان طلاقا
   جامع الترمذييأيها النبي قل لأزواجك إن كنت
   سنن أبي داودخيرنا رسول الله فاخترناه فلم يعد ذلك شيئا
   سنن النسائى الصغرىخير رسول الله نساءه فلم يكن طلاقا
   سنن النسائى الصغرىخير رسول الله نساءه أفكان طلاقا
   سنن النسائى الصغرىخير النبي نساءه فلم يكن طلاقا
   سنن النسائى الصغرىخير رسول الله نساءه أو كان طلاقا
   سنن النسائى الصغرىخيرنا رسول الله فاخترناه فلم يعدها علينا شيئا
   سنن النسائى الصغرىخيرنا رسول الله فاخترناه فلم يكن طلاقا
   سنن النسائى الصغرىخيرنا رسول الله فاخترناه فهل كان طلاقا
   سنن ابن ماجهخيرنا رسول الله فاخترناه فلم نره شيئا
   مسندالحميديقد خير رسول الله صلى الله عليه وسلم نساءه فاخترنه، أو كان ذلك طلاقا

سنن ترمذی کی حدیث نمبر 3204 کے فوائد و مسائل
  الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 3204  
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
یعنی وہ چاہیں تو آپ کے ساتھ رہیں اور تنگی کی زندگی گزاریں،
اوراگر دنیا اور دنیا کی زینت چاہتی ہیں تو نبی اکرمﷺکا ساتھ چھوڑ دیں۔
2؎:
اے نبی! آپ اپنی بیویوں سے کہہ دیجیئے کہ تمہیں اگر دنیا اور دنیا کی زینت چاہیے تو آؤ میں کچھ دے کر چھوڑ چھاڑ دوں،
(طلاق کے ساتھ کچھ مال دے کر بھلے طریقے سے رخصت کر دوں) اور اگر تم اللہ اور اس کے رسول کو چاہتی ہو اور آخرت کا گھر تمہیں مطلوب ہے تو اللہ نے تم نیکو کاروں کے لیے بہت بڑا اجر تیار کررکھا ہے (الأحزاب: 28۔ 29)
   سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 3204   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث3204  
´اس چیز کا بیان جسے اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول سے اپنی قربت دکھانے کے لیے حلال رکھا اور اپنی مخلوق کے لیے حرام کر دیا۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی الله عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی بیویوں کو اختیار دیا۔ کیا وہ طلاق تھا؟ ۱؎۔ [سنن نسائي/كتاب النكاح/حدیث: 3204]
اردو حاشہ:
بعض حضرات قائل ہیں کہ اگر خاوند (مندرجہ بالا صورت میں) اپنی بیوی کو طلاق کا اختیار دے دے تو عورت کو ہر حال میں طلاق ہوجائے گی، خواہ وہ خاوند کے گھر رہنے ہی کو پسند کرے۔ حضرت عائشہؓ نے اس خیال کی تردید فرمائی کہ جب عورت نے خاوند کو ترجیح دی تو پھر طلاق کیسی؟
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 3204   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث3471  
´اختیار دی گئی عورتوں کا اپنے شوہروں کو اختیار کر لینے کا بیان۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی الله عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہم (ازواج مطہرات) کو اختیار دیا تو ہم نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہی کو چن لیا، تو کیا یہ طلاق ہوئی؟ (نہیں، یہ طلاق نہیں ہوئی)۔ [سنن نسائي/كتاب الطلاق/حدیث: 3471]
اردو حاشہ:
یعنی اس طرح طلاق نہیں ہوتی۔ طلاق تب ہوتی ہے کہ عورت خاوند کے بجائے طلاق کو پسند کرے۔ بعض فقہاء کا خیال ہے کہ خواہ عورت خاوند ہی کو پسند کرے‘ عورت کو طلاق ہوجائے گی مگر یہ انتہائی غیر معقول بات ہے۔ حضرت عائشہؓ اسی کا رد فرما رہی ہیں۔ بعض علماء کا خیال ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے طلاق کا اختیار نہیں دیا تھا بلکہ آپ نے تو ان کی رائے طلب کی تھی کہ تم چاہو تو میں طلاق دے دیتا ہوں‘ لیکن حضرت عائشہؓ نے ایسا فرق تسلیم نہیں فرمایا۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 3471   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث3475  
´اختیار دی گئی عورتوں کا اپنے شوہروں کو اختیار کر لینے کا بیان۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی الله عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں اختیار دیا تو ہم سب نے آپ کو منتخب اور قبول کر لیا، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے ہم سے متعلق کچھ بھی شمار نہ کیا۔ [سنن نسائي/كتاب الطلاق/حدیث: 3475]
اردو حاشہ:
یہی بات صحیح ہے کہ صرف طلاق کا اختیار دینے سے طلاق واقع نہیں ہوتی جب تک عورت طلاق پسند نہ کرے۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 3475   

  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 2203  
´عورت کو طلاق کا اختیار دینے کا بیان۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں (اپنے عقد میں رہنے یا نہ رہنے کا) اختیار دیا تو ہم نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہی کو اختیار کیا، پھر آپ نے اسے کچھ بھی شمار نہیں کیا ۱؎۔ [سنن ابي داود/كتاب تفريع أبواب الطلاق /حدیث: 2203]
فوائد ومسائل:

اگر شوہر بیوی سے کہے مجھے اختیار کرلو یا اپنے آپ کو یا تمہیں اختیار ہے وغیرہ۔
اور نیت طلاق کی ہو۔
۔
۔
۔
۔
پھر اگر بیوی نے اپنے آپ کو اختیار کرلیا تو طلاق ہو جائے گی۔
اور اگر شوہر کو اختیار کرلے تو نہیں ہوگی۔


فتوحات کے نتیجے میں جب مسلمانوں کی مالی حالت پہلے کی نسبت کچھ بہتر ہوگئی تو انصا رومہاجرین کی عورتوں کو دیکھ کر ازواج مطہرات نے بھی نان و نفقہ میں اضافہ کا مطالبہ کر دیا۔
نبیﷺ چونکہ نہایت سادگی پسند تھے اس لیے ازواج مطہرات کے اس مطالبے پر سخت کبیدہ خاطر ہوئےاور بیویوں سے علیحدگی اختیار کرلی جو ایک مہینے تک جاری رہی۔
بالآخر اللہ تعالی نےیہ آیت نازل فرمائی: (يَاأَيُّهَا النَّبِيُّ قُلْ لِأَزْوَاجِكَ إِنْ كُنْتُنَّ تُرِدْنَ الْحَيَاةَ الدُّنْيَا وَزِينَتَهَا فَتَعَالَيْنَ أُمَتِّعْكُنَّ وَأُسَرِّحْكُنَّ سَرَاحًا جَمِيلًا (28) وَإِنْ كُنْتُنَّ تُرِدْنَ اللَّهَ وَرَسُولَهُ وَالدَّارَ الْآخِرَةَ فَإِنَّ اللَّهَ أَعَدَّ لِلْمُحْسِنَاتِ مِنْكُنَّ أَجْرًا عَظِيمًا) (الاحزاب:28-29) اس کے بعد نبی ﷺ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہ کو یہ آیت سنا کر انہیں اختیار دیا۔
تاہم انہیں کہا کہ اپنے طور پر فیصلہ کرنے کے بجائے اپنے والدین سے مشورے کے بعد کوئی اقدام کرنا۔
حضرت عائشہ نے کہا: یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ میں آپ کے بارے میں مشورہ کروں۔
بلکہ میں اللہ اور اس کے رسول کو اختیار کرتی ہوں۔
یہی بات دیگر ازواج مطہرات نے بھی کہی اور کسی نے بھی رسول اللہﷺ کو چھوڑ کر دنیا کے عیش وآرام کو ترجیح نہیں دی۔
(صحیح بخاری تفسیر سورہ احزاب۔
ماخوذ از تفسیراحسن البیان)

   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 2203   

  مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث2052  
´مرد اپنی بیوی کو ساتھ رہنے یا نہ رہنے کا اختیار دیدے۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہم کو اختیار دیا تو ہم نے آپ ہی کو اختیار کیا، پھر آپ نے اس کو کچھ نہیں سمجھا ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الطلاق/حدیث: 2052]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
  اس واقعہ کا پس منظر یہ ہے کہ جب فتوحات کے نتیجے میں مسلمانوں کی مالی حالت بہتر ہوگئی تو انصار و مہاجرین کی عورتوں کی بہتر حالت کو دیکھ کر امہات المومنین نے نبی اکرم ﷺ سے درخواست کی کہ ان کے نان و نفقے میں اضافہ کی جائے۔
رسول اللہﷺ اس سے پریشان ہوئے اور ایک مہینہ امہات المومنین سے الگ تھلگ ایک بالا خانے میں تشریف فرما رہے۔
اس کے بعد اللہ تعالی نے سورۃ احزاب کے چوتھے رکوع کی آیات نازل فرمائیں جن میں اللہ تعالی نے فرمایا:
اے نبی! اپنی بیویوں سے کہہ دیجیئے:
اگر تمہیں دنیا کی دولت مطلوب ہے تو وہ تمہیں مل جائے گی لیکن اس کےلیے مجھ سے علیحدگی اختیار کرنی ہوگی۔
اوراگر میرے ساتھ رہنا چاہتی ہو تو پھر اسی طرح قناعت کی زندگی گزارنی پڑ ے گی جس طرح اب تک صبر و شکر کے ساتھ رہتی رہی ہو۔
امہات المومنین رضی اللہ عنہن نے نبئ اکرمﷺ کے ساتھ صبرو قناعت سے رہنے کے حق میں فیصلہ دیا، چنانچہ وہ سب نبی ﷺ کے نکاح میں رہیں۔ (صحیح البخاري، الطلاق، باب من خیر أزواجه......، حدیث: 5262، وصحیح مسلم، الطلاق، باب فی الإیلاء واعتزال النساء و تخییرهن.....، حدیث: 1479)

(2)
مرد کی طرف سے عورت کو اختیا ردینا طلاق نہیں، البتہ اگر عورت اس اختیار سے فائدہ اٹھاتے ہوئے الگ ہونے کا فیصلہ کرلے تو ایک رجعی طلاق واقع ہوجائے گی۔
   سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2052   

  الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 1179  
´عورت کو ساتھ رہنے یا نہ رہنے کے اختیار دینے کا بیان۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی الله عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں اختیار دیا (چاہیں تو ہم آپ کے نکاح میں رہیں اور چاہیں تو نہ رہیں) ہم نے آپ کو اختیار کیا۔ کیا یہ طلاق مانی گئی تھی؟ ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الطلاق واللعان/حدیث: 1179]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
استفہام انکاری ہے یعنی طلاق نہیں مانی تھی۔
   سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 1179   

  الشيخ محمد ابراهيم بن بشير حفظ الله، فوائد و مسائل، مسند الحميدي، تحت الحديث:236  
فائدہ:
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ خاوند کا بیوی کو اختیار دینے سے طلاق واقع نہیں ہوتی۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بیویوں کو اختیار دیا تھا، طلاق نہیں دی تھی۔
   مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 236   

  الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 3684  
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا بیان کرتی ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں اختیار دیا تھا (کہ نکاح میں رہیں یا نہ رہیں) تو ہم نے اس اختیار دینے کا طلاق شمار نہیں کیا۔ [صحيح مسلم، حديث نمبر:3684]
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:
آئمہ اربعہ اور جمہور صحابہ کرام و تابعین رضوان اللہ عنھم اجمعین اور فقہاء کے نزدیک بیوی کو اختیار دینا جبکہ اس نے خاوند کو اختیار کر لیا،
طلاق نہیں ہے۔
حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حسن بصری رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک محض اختیار دینے سے طلاق رجعی واقع ہو جائے گی،
اور حضرت زید بن ثابت رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور امام لیث رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک طلاق بائنہ جس سے رجوع نہیں ہو سکتا واقع ہو جائے گی اور امام خطابی نے غلط طور پر اس کی نسبت امام مالک رحمۃ اللہ علیہ کی طرف بھی کی ہے لیکن قاضی عیاض مالکی نے اس سے انکار کیا ہے۔
صحیح احادیث کی روسے جمہور کا مؤقف ہی صحیح ہے۔
   تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 3684   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:5263  
5263. سیدنا مسروق سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ میں نے سیدہ عائشہ‬ ؓ س‬ے تخییر کے متعلق دریافت کیا تو انہوں نے فرمایا: نبی ﷺ نے ہمیں اختیار دیا تھا۔ کیا محض یہ اختیار دیا تھا۔ کیا محض یہ اختیار طلاق بن جاتا؟ سیدنا مسروق نے کہا: اگر اختیار کے بعد عورت میرا انتخاب کرے تو مجھے کوئی پروا نہیں چاہے میں ایک مرتبہ دوں یا سو مرتبہ۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:5263]
حدیث حاشیہ:
(1)
جب بیوی خاوند کو اختیار کرے تو محض اختیار دینے سے طلاق واقع نہیں ہوتی ہاں، اگر وہ خود کو اختیار کرے تو طلاق ہو جائے گی۔
اس پر تقریباً تمام اہل علم کا اتفاق ہے۔
(2)
حضرت علی رضی اللہ عنہ سے منقول ہے کہ صرف اختیار دینے سے طلاق بائنہ ہو جاتی ہے، خواہ وہ خاوند کو اختیار کرے۔
(جامع الترمذي، الطلاق و اللعان، حدیث: 1179)
لیکن مذکورہ احادیث اس موقف کی تردید کرتی ہیں۔
بعض روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ نے حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی وضاحت کرنے کے بعد اپنے موقف سے رجوع کرلیا تھا۔
(فتح الباري: 457/9)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5263