عاصم بن حمید کہتے ہیں کہ میں نے ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا سے پوچھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم رات میں تہجد کس دعا سے شروع کرتے تھے؟ وہ بولیں: تم نے مجھ سے ایسی بات پوچھی ہے جو کسی نے نہیں پوچھی، آپ صلی اللہ علیہ وسلم دس بار «اللہ اکبر» کہتے، دس بار «سبحان اللہ» کہتے، دس بار «استغفراللہ» کہتے، اور کہتے: «اللہم اغفر لي واهدني وارزقني وعافني»”اے اللہ! میری مغفرت فرما، مجھے ہدایت دے، مجھے روزی عطا کر، مجھے محفوظ رکھ“، اور آپ قیامت کے روز کھڑے ہونے کی پریشانی (سوال کے لیے) سے اللہ کی پناہ مانگتے۔ [سنن نسائي/كتاب الاستعاذة/حدیث: 5537]
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث5537
اردو حاشہ: (1) قیامت کے دن ہر شخص کواللہ تعالی کے سامنے کھڑا ہوکر چند سوالات کےجوابات دینے ہوں گے۔ تنگئی مقام یہ ہے کہ ان سوالات کا جواب نہ سوجھے۔ اورپریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔ أعاذنا الله منه۔ (2) یہ ذکر اوردعا ممکن ہے نماز شروع کرنے سے پہلے فرماتے ہوں۔ اگردعائے استفتاح کی جگہ ہو تب بھی کوئی حرج نہیں۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 5537