عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو کہتے ہوئے سنا: «اللہم إني أعوذ بك من الكسل والهرم والمغرم والمأثم وأعوذ بك من شر المسيح الدجال وأعوذ بك من عذاب القبر وأعوذ بك من عذاب النار»”اے اللہ! میں سستی و کاہلی، بڑھاپے، قرض اور معصیت (گناہ) سے تیری پناہ مانگتا ہوں، اور مسیح دجال کے شر و فتنے سے تیری پناہ مانگتا ہوں، قبر کے عذاب سے تیری پناہ مانگتا ہوں، اور جہنم کے عذاب سے تیری پناہ مانگتا ہوں“۔ [سنن نسائي/كتاب الاستعاذة/حدیث: 5492]
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث5492
اردو حاشہ: ”مسیح دجال“ مسیح دراصل حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا لقب ہے مگر چونکہ یہ شخص ابتدا میں مسیح ہونے کا دعویٰ کرے گا اور یہودی اسے مسیح مانے گے‘ اس لیے اسے یوں کہا گیا لیکن اس سے وہ مسیح نہ بن جائے گا جس طرح کسی کو جھوٹا نبی کہنے سے اس کی نبوت کی تصدیق نہیں ہوتی کیونکہ ”مسیح دحال“ کے معنیٰ ہیں فراڈ کرنے والا اور دھوکہ باز مسیح‘ یعنی جھوٹا مسیح۔ دجال اس شخص کا نام نہیں‘ وصف ہے۔ (دیکھیےحدیث:5453) تعجب کی بات ہے یہودیوں نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو تو مسیح نہ مانا‘اس دغا باز کو مسیح مانیں گے۔ فلعنة اللہ علیھم
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 5492