ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”عیسیٰ بن مریم علیہ السلام نے ایک شخص کو چوری کرتے دیکھا، تو اس سے پوچھا: کیا تم نے چوری کی؟ وہ بولا: نہیں، اس اللہ کی قسم جس کے سوا کوئی حقیقی معبود نہیں ۱؎، عیسیٰ علیہ السلام نے کہا: میں نے یقین کیا اللہ پر اور جھوٹا سمجھا اپنی آنکھ کو۔ [سنن نسائي/كتاب آداب القضاة/حدیث: 5429]
تخریج الحدیث دارالدعوہ: «صحیح البخاری/الٔلنبیاء 48 (3444 تعلیقًا)، (تحفة الٔاشراف: 14223)، وقد أخرجہ: صحیح مسلم/الفضائل40 (2368)، سنن ابن ماجہ/الکفارات 4 (2102)، مسند احمد (2/314، 383) (صحیح)»
وضاحت: ۱؎: اس حدیث میں یہی قسم کے الفاظ ہیں، ان الفاظ کے ساتھ بھی کبھی کبھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم قسم کھایا یا لیا کرتے تھے، دونوں حدیثوں میں مذکور دونوں الفاظ کے علاوہ بھی کچھ الفاظ کے ذریعہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم قسم کھایا یا کرتے تھے جیسے «لا ومصرف القلوب»، «لا ومقلب القلوب» وغیرہ۔
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث5429
اردو حاشہ: (1)”جھٹلاتا ہوں“ مقصد یہ ہے جب کسی سے قسم لی جائے تو اس کی قسم مان لینی چاہیے۔ اپنی بات پر نہیں اڑنا چاہیے۔ کوئی جھوٹی کھائے گا تو خود بھگتے گا۔ مذکورہ واقعہ میں ممکن ہے وہ اپنی ہی چیز اٹھا رہا ہو یا دوسرے کی چیز اس کی اجازت سے اٹھا رہا ہو۔ یا صرف چیز پکڑ کر دیکھنا مقصد ہو نہ کہ اٹھا کر لے جانا وغیرہ۔ ایسے كئ احتمالات ہوسکتے ہیں۔ گویا ظاہر دیکھنے میں چوری کی صورت تھی۔ قسم سے حقیقت واضح ہو گئ۔ (یہ سب کچھ تب ہے اگر وہ اپنی قسم میں سچا تھا)۔ چور نے اللہ کے نام کی قسم کھا کر اپنی براءت کا اظہار کیا‘ اس لیے سیدناعیسیٰ علیہ السلام نے اللہ تعالیٰ کے نام کی لاج رکھتے ہوئے اسے سچا سمجھا اور اپنی آنکھ کو جھوٹا قراردیا۔ واللہ أعلم۔ (2) ہر جگہ عیسیٰ علیہ السلام کو عیسیٰ ابن مریم کہنا دلیل ہے کہ وہ بن باپ کے پیدا ہوئے تا کہ لوگوں کے لیے اپنے صدق پر معجزہ بنیں۔ (3) حدیث میں قسم مؤ کد و مغلظ ہے۔ گویا ایسی قسم بھی لی جا سکتی ہے۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 5429
تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
حافظ عبدالله شميم حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيفه همام بن منبه 41
´سیدنا عیسیٰ علیہ السلام اور ایک چور کا واقعہ` اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ”عیسیٰ علیہ السلام نے کسی شخص کو چوری کرتے ہوئے دیکھا (تو اسے کہنے لگے) کیا تو نے چوری کی ہے؟ اس پر اس شخص نے کہا ہرگز نہیں، مجھے اس ذات کی قسم جس کے سوا کوئی معبود برحق نہیں (میں نے چوری نہیں کی) چناچہ عیسیٰ علیہ السلام نے فرمایا: میں اللہ پر ایمان رکھتا ہوں اور (تیرے قسم کھانے کے سبب) میں اپنی آنکھوں کو جھوٹا قرار دیتا ہوں۔“[صحيفه همام بن منبه/متفرق/حدیث: 41]
شرح الحديث: سیدنا عیسیٰ علیہ السلام نے کسی صاحب کو کسی چیز کی طرف ہاتھ بڑھاتے ہوئے دیکھا ہو اور اس کے متعلق گمان کیا ہو کہ اس نے کوئی چیز اٹھائی ہے۔ جب اس صاحب نے حلف دیا ہو کہ میں نے کوئی چیز نہیں اٹھائی۔ تو سیدنا عیسیٰ علیہ السلام نے اس سے متعلق ظن کو ترک کر دیا ہو۔ اس حدیث کی رو سے وہ شخص واقعی چور تھا، جیسا کہ الفاظ حدیث اس پر دلیل ہیں۔ لیکن اس میں سیدنا عیسیٰ علیہ السلام کی عظمت و عاجزی کا بیان ہے کہ الله تعالیٰ کی قسم کے سبب اپنے مشاہدے اور رؤیتِ عینی کا انکار کر دیا۔ اس حدیث کے پیش نظر فقہائے مالکیہ اور حنابلہ یہ رائے دیتے ہیں کہ قاضی کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ محض اپنے علم کی بنیاد پر کوئی فیصلہ کر لے، البتہ فقہائے شافعیہ کے نزدیک سوائے حدود کے بقیہ مقدمات و معاملات میں قاضی کو فیصلہ کرنے کا اختیار ہے۔ [ارشاد الساري: 417/5]
صحیفہ ہمام بن منبہ شرح حافظ عبداللہ شمیم، حدیث/صفحہ نمبر: 41
مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث2102
´اللہ کی قسم کھا کر کوئی بات کہی جائے تو اس کو مان لینے کا بیان۔` ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”عیسیٰ بن مریم علیہ السلام نے ایک شخص کو چوری کرتے ہوئے دیکھا تو فرمایا: ”تم نے چوری کی ہے؟ اس نے کہا: نہیں، قسم ہے اس ذات کی جس کے سوا کوئی معبود برحق نہیں، عیسیٰ علیہ السلام نے کہا: میں اللہ پر ایمان لایا، اور میں نے اپنی آنکھ کو جھٹلا دیا“۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الكفارات/حدیث: 2102]
اردو حاشہ: فوائد ومسائل:
(1) یہ مومن کی قسم پر اعتبار کرنے کی مثال ہے کہ اس کی قسم پر اپنی آنکھوں دیکھی چیز کو رد کر دیا۔
(2) ممکن ہے وہ چیز اسی شخص کی ہو جو اسے لے رہا تھا لیکن کسی خاص وجہ سے اس نے چھپ کر اٹھائی ہو۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2102
الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 6137
ہمام بن منبہ کی حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے بیان کردہ احادیث میں سے ایک یہ ہے، رسول اللہﷺ نے فرمایا: ”عیسیٰ بن مریم علیہما السلام نے ایک آدمی کو چوری کرتے دیکھا تو اسے حضرت عیسی علیہ السلام نے فرمایا: تو نے چوری کی ہے؟ ا س نے کہا، ہر گز نہیں، اس ذات کی قسم جس کے سوا کوئی معبود نہیں تو عیسیٰ علیہ السلام نے کہا، میں نے اللہ پر یقین کیا اور اپنے آپ کو خطار کار قرار دیا۔“[صحيح مسلم، حديث نمبر:6137]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے نکتہ نظر سے کوئی انسان اللہ کے نام کی جھوٹی قسم کھانے کی جسارت نہیں کر سکتا، اس لیے انہوں نے فرمایا، میری آنکھ کو غلطی لگی ہے۔
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 6137
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 3444
3444. حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہی سے روایت ہے، وہ نبی کریم ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: ”حضرت عیسیٰ ؑ نے کسی کو چوری کرتے ہوئے دیکھا تو اس سے کہا: کیا تو نے چوری کی ہے؟ اس نے کہا: ہرگز نہیں، اس اللہ کی قسم جس کے سوا کوئی معبود برحق نہیں! میں نے ایسا نہیں کیا۔ حضرت عیسیٰ ؑ نے فرمایا: میں اللہ پر ایمان لاتا ہوں اور اپنی آنکھ کی تکذیب کرتا ہوں۔“[صحيح بخاري، حديث نمبر:3444]
حدیث حاشیہ: یعنی مومن جھوٹی قسم نہیں کھاسکتا جب ا س نے قسم کھالی تومعلوم ہواکہ وہ سچا ہے۔ آنکھوں سےغلطی ممکن ہے مثلا اس کے شبیہ کوئی دوسرا شخص ہو۔ یادرحقیقت اس کا فعل چوری نہ ہو۔ اس مال میں اس کاکوئی حق متعین ہو۔ بہت سے احتمال ہوسکتےہیں۔ بعض نےکہا ایسا کہنےسے حضرت عیسیٰ ؑکى مراد یہ تھی کہ مومن کی قسم پر ایسا بھروسہ ہونا چاہئے جیسے آنکھ سے دیکھنے پربلکہ اس سے زیادہ۔ بعض نے یہ کہا مطلب یہ تھا کہ قاضی کواپنے علم اور مشاہدے پرحکم دینا درست نہیں جب تک باقاعدہ جرم کےلیے ثبوت مہیا نہ ہوجائے۔ (وحیدی)
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3444
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:3444
3444. حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہی سے روایت ہے، وہ نبی کریم ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: ”حضرت عیسیٰ ؑ نے کسی کو چوری کرتے ہوئے دیکھا تو اس سے کہا: کیا تو نے چوری کی ہے؟ اس نے کہا: ہرگز نہیں، اس اللہ کی قسم جس کے سوا کوئی معبود برحق نہیں! میں نے ایسا نہیں کیا۔ حضرت عیسیٰ ؑ نے فرمایا: میں اللہ پر ایمان لاتا ہوں اور اپنی آنکھ کی تکذیب کرتا ہوں۔“[صحيح بخاري، حديث نمبر:3444]
حدیث حاشیہ: 1۔ چونکہ چور نے اللہ کے نام کی قسم اٹھا کر اپنی براءت کا اظہار کیا تھا، اس لیے حضرت عیسیٰ ؑ نے اللہ کے نام کی لاج رکھتے ہوئے اسے سچا خیال کیا اور اپنی آنکھ کو جھوٹا قراردیا کیونکہ ممکن ہے اس مال مسروقہ میں چوری کرنے والے کا حق ہویا صرف دیکھنے کے لیے مال پکڑا ہوغصب کرنا مقصود نہ ہو۔ 2۔ حضرت عیسیٰ ؑ نے ظاہری حکم کے اعتبار سے تکذیب کی،باطن حکم میں نہیں کیونکہ کسی چیز کا مشاہدہ یقین و اذعان کی اعلیٰ قسم ہے، اس کی تکذیب کیسے ہوسکتی ہے۔ 3۔ اس حدیث میں حضرت عیسیٰ ؑ کی سیرت کا ایک پہلو بیان ہوا ہے، اس لیے امام بخاری ؒ نے اسے یہاں بیان کیا ہے۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3444