ابوثعلبہ خشنی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے ہاتھ میں سونے کی انگوٹھی دیکھی تو آپ ایک چھڑی سے جو آپ کے پاس تھی اس پر مارنے لگے، جب آپ کی توجہ ہٹ گئی تو انہوں نے وہ انگوٹھی پھینک دی، آپ نے فرمایا: ”ہم سمجھتے ہیں کہ ہم نے تمہیں تکلیف دی اور تمہارا نقصان کیا“۔ یونس نے نعمان بن راشد کے خلاف اسے زہری سے انہوں نے ابوادریس سے مرسلاً روایت کیا ہے۔ [سنن نسائي/كتاب الزينة من السنن/حدیث: 5193]
تخریج الحدیث دارالدعوہ: «تفرد بہ النسائي (تحفة الأشراف: 11870، 19338)، مسند احمد (4/195)، ویأتي عند المؤلف بأرقام: 5194-5197) (صحیح)»
قال الشيخ الألباني: صحيح
قال الشيخ زبير على زئي: ضعيف، إسناده ضعيف، نعمان بن راشد: تكلموا فى روايته عن الزهري فحديثه شاذ،وفيه علة أخري. انوار الصحيفه، صفحه نمبر 362
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث5193
اردو حاشہ: امام نسائی رحمہ اللہ یہ کہنا چاہتے ہیں کہ نعمان بن راشد نے روایت موصول بیان کی ہے، جبکہ یونس نے یہ روایت موصول کی بجائے مرسل بیان کی ہے جیسا کہ آئندہ حدیث 5194 میں ہے۔ لیکن نعمان بن راشد کی بیان کردہ موصول روایت غیر محفوظ ہے جبکہ یونس کی مرسل روایت محفوظ ہے کیونکہ زہری سے بیان کرنے میں یونس، نعمان کے مقابلے میں اوثق اور اثبت ہے۔ مزید برآں یہ کہ جلیل القدر آئمہ حدیث، مثلاً: امام بخاری، امام احمد، ابن معین، ابوحاتم، عقیلی، امام ابو داؤد اور امام نسائی رحمہ اللہ وغیرہم جیسے معروف محدثین نے بھی نعمان بن راشد پرکلام کیا ہے۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 5193