سعد رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ جب فتح مکہ کا دن آیا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے لوگوں کو امان دے دی، سوائے چار مرد اور دو عورتوں کے، اور فرمایا: ”انہیں قتل کر دو چاہے تم انہیں کعبہ کے پردے سے چمٹا ہوا پاؤ“، یعنی عکرمہ بن ابی جہل، عبداللہ بن خطل، مقیس بن صبابہ، عبداللہ بن سعد بن ابی سرح ۱؎۔ عبداللہ بن خطل اس وقت پکڑا گیا جب وہ کعبے کے پردے سے چمٹا ہوا تھا۔ سعید بن حریث اور عمار بن یاسر (رضی اللہ عنہما) اس کی طرف بڑھے، سعید عمار پر سبقت لے گئے، یہ زیادہ جوان تھے، چنانچہ انہوں نے اسے قتل کر دیا، مقیس بن صبابہ کو لوگوں نے بازار میں پایا تو اسے قتل کر دیا۔ عکرمہ (بھاگ کر) سمندر میں (کشتی پر) سوار ہو گئے، تو اسے آندھی نے گھیر لیا، کشتی کے لوگوں نے کہا: سب لوگ خالص اللہ کو پکارو اس لیے کہ تمہارے یہ معبود تمہیں یہاں کچھ بھی فائدہ نہیں پہنچا سکتے۔ عکرمہ نے کہا: اللہ کی قسم! اگر سمندر سے مجھے سوائے توحید خالص کے کوئی چیز نہیں بچا سکتی تو خشکی میں بھی اس کے علاوہ کوئی چیز نہیں بچا سکتی۔ اے اللہ! میں تجھ سے عہد کرتا ہوں کہ اگر تو مجھے میری اس مصیبت سے بچا لے گا جس میں میں پھنسا ہوا ہوں تو میں محمد ( صلی اللہ علیہ وسلم ) کے پاس جاؤں گا اور اپنا ہاتھ ان کے ہاتھ میں دے دوں گا اور میں ان کو مہربان اور بخشنے والا پاؤں گا، چنانچہ وہ آئے اور اسلام قبول کر لیا۔ رہا عبداللہ بن ابی سرح، تو وہ عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ کے پاس چھپ گیا، جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے لوگوں کو بیعت کے لیے بلایا۔ تو عثمان ان کو لے کر آئے اور اسے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس لا کھڑا کر دیا اور بولے: اللہ کے رسول! عبداللہ سے بیعت لے لیجئے، آپ نے اپنا سر اٹھایا اور اس کی طرف تین بار دیکھا، ہر مرتبہ آپ انکار کر رہے تھے، لیکن تین مرتبہ کے بعد آپ نے اس سے بیعت لے لی، پھر اپنے صحابہ کی طرف متوجہ ہو کر فرمایا: ”کیا تم میں کوئی ایک شخص بھی سمجھ دار نہ تھا جو اس کی طرف اٹھ کھڑا ہوتا جب مجھے اس کی بیعت سے اپنا ہاتھ کھینچتے دیکھا کہ اسے قتل کر دے؟“ لوگوں نے عرض کیا: اللہ کے رسول! ہمیں کیا معلوم کہ آپ کے دل میں کیا ہے؟ آپ نے اپنی آنکھ سے ہمیں اشارہ کیوں نہیں کر دیا؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”کسی نبی کے لیے یہ مناسب اور لائق نہیں کہ وہ کنکھیوں سے خفیہ اشارہ کرے“۔ [سنن نسائي/كتاب تحريم الدم/حدیث: 4072]
وضاحت: ۱؎: عکرمہ بن ابی جہل اپنے ایام شرک میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو پنے باپ کے ساتھ مل کر بہت تکلیفیں پہنچایا کرتے تھے، ابوجہل بدر کے دن مارا گیا، اور عکرمہ کو فتح مکہ کے دن قتل کر دینے کا حکم ہوا، اور عبداللہ بن خطل اسلام لا کر مرتد ہو گیا تھا، نیز دو لونڈیاں رکھتا تھا جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ہجو (مذمت) میں گایا کرتی تھیں، اور مقیس بن صبابہ اور عبداللہ بن ابی سرح دونوں مرتد ہو گئے تھے۔ ۲؎: «خائنۃ الأعین» دل میں جو بات ہو زبان سے نہ کہہ کر کے آنکھوں سے اشارہ کیا جائے، یہ بات ایک نبی کی شان کے خلاف ہے۔ اس لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسا نہیں کیا۔
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث4072
اردو حاشہ: (1) اس حدیث سے استدلال کیا گیا ہے کہ بیت اللہ میں حدود قائم کی جا سکتی ہیں لیکن یہ استدلال محل نظر ہے کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے مساجد میں حدود قائم کرنے سے روکا ہے۔ (سنن أبي داود، حدیث: 4490) جب عام مساجد میں حدود قائم کرنا منع ہے تو بیت اللہ میں بالاولی منع ہو گا، تاہم اگر کوئی مجرم وہاں چھپتا ہے تو اس کو وہاں سے نکال کر اس پر حد قائم کی جا سکتی ہے۔ جہاں تک ابن خطل کے قتل کا تعلق ہے تو اس کا جواز اسی وقت سے مقید ہو گا کیونکہ رسول اللہ ﷺ کا فرمان ہے بیت اللہ کو محدود وقت کے لیے میرے لیے حلال کیا گیا تھا، البتہ حدود حرم کے اندر شرعی حد قائم کی جا سکتی ہے۔ (2) توحید خالص، اللہ کی بارگاہ میں التجا اور عجز و نیاز کی وجہ سے دنیوی مصیبتیں بھی ٹل جاتی ہیں اور انسان مشکلات سے صحیح سلامت بچ نکلتا ہے۔ (3) رسول اللہ ﷺ خلق عظیم کے مالک تھے۔ ﴿وَإِنَّكَ لَعَلى خُلُقٍ عَظِيمٍ﴾(القلم: 64:4) مکارم اخلاق میں آپ درجۂ کمال پر فائز تھے۔ معاف کرنا، درگزر سے کام لینا، نیز اپنی باکمال شفقت و رحمت سے شاد کام کرنا، آپ کے ایسے عالی شان اور عمدہ فضائل و خصائل ہیں کہ بڑے سے بڑا دشمن بھی ان کا اعتراف کرنے پر مجبور ہے۔ ابو جہل ملعون کے بیٹے، جلیل القدر صحابیٔ رسول حضرت عکرمہ رضی اللہ تعالٰی عنہ کا اقرار اس کی واضح دلیل ہے۔ (4) اللہ تعالیٰ جس کے ساتھ خیر و بھلائی کا ارادہ کرے، اسے وہ بھلائی او خیر مل کر ہی رہتی ہے۔ اللہ عز و جل کے ارادے کے مقابلے میں کسی کا ارادہ، خواہش اور چاہت پوری ہوتی ہے نہ رکاوٹ ہی بن سکتی ہے۔ (5) قرائن قویہ پائے جانے کی وجہ سے کسی بھی عمل کی گنجائش نکلتی ہے جیسا کہ رسول اللہ ﷺ کا بیعت نہ لینا ایک قوی قرینہ تھا کہ اسے قتل کیا جا سکتا ہے۔ اگر کوئی اس قرینے کو سمجھتے ہوئے عبداللہ بن سعد کو قتل کر دیتا تو جائز تھا۔ (6) صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کمال درجے کے مؤدب رسول تھے کہ آپ کا صریح حکم نہ ملنے کی وجہ سے انہوں نے ایک بہت بڑے مجرم کو بھی قتل نہیں کیا۔ (7) انبیاء و رسل علیہم السلام انتہائی ارفع و اعلیٰ شان کے مالک ہوتے ہیں بخلاف ملوک و سلاطین، امراء و وزراء اور عوام الناس کے، کہ وہ خفیہ ذریعے، اشارے اور طریقے سے لوگوں کے ساتھ قطعاً کوئی معاملہ نہیں کرتے۔ (8) آنکھ وغیرہ سے مخفی اشارہ کرنے کو خیانت قرار دیا گیا ہے، لہٰذا کسی بھی دین دار اور اچھے انسان کے لیے یہ روا نہیں کیونکہ یہ بہت بڑا عیب ہے۔ (9)”چار مرد، دو عورتیں“ دیگر روایات میں اور مرد و عورتوں کا بھی ذکر ہے، مثلاً: وحشی بن حرب اور مفصد وغیرہ، البتہ کسی اور مرد اور عورت کو قتل نہیں کیا گیا۔ ان چار مرد اور دو عورتوں میں سے بھی بعض کو معافی مل گئی۔ (10) ان چار مردوں میں سے تین عبداللہ بن خطل، مقیس بن صبابہ اور عبداللہ بن ابی سرح مسلمان ہو کر بعد میں مرتد ہو گئے تھے۔ عبداللہ بن ابی سرح دوبارہ مسلمان ہو گئے اور حضرت عثمان رضی اللہ تعالٰی عنہ کی سفارش پر ان کو معافی مل گئی۔ عبداللہ بن خطل اور مقیس بن صبابہ دونوں پر قتل کا جرم بھی ثابت تھا۔ دونوں نے ایک ایک مسلمان قتل کیا تھا اور بھاگ کر مکہ آ گئے اور مرتد ہو گئے تھے، لہٰذا ان کو قتل اور ارتداد کے جرم میں قتل کر دیا گیا۔ قتل کی وجہ سے ان کو معافی نہ مل سکتی تھی۔ البتہ عکرمہ بن ابی جہل کا کوئی ایسا جرم نہ تھا بلکہ ان کو اللہ کے دشمن ابوجہل کا بیٹا ہونے اور کفار قریش کا سردار ہونے کی وجہ سے قتل کا مستحق ٹھہرایا گیا۔ لیکن ان کی بیوی ام حکیم بنت حارث رضی اللہ عنہا نے ان کے لیے امان حاصل کی اور ان کو یمن سے واپس لے آئیں اور وہ مسلمان ہو گئے اور خوب مسلمان ہوئے حتیٰ کہ فی سبیل اللہ جہاد کرتے ہوئے شہید ہوئے۔ رضي اللہ عنه و أرضاہ۔ (11) دو عورتیں عبداللہ بن خطل کی لونڈیاں تھیں جن کو اس نے مرتد ہونے کے بعد رسول اللہ ﷺ کی ہجو اور توہین کے لیے مقرر کیا تھا۔ رسول اللہ ﷺ کی توہین بھی سزائے موت کا مستحق بنا دیتی ہے۔ مگر ایک لونڈی کے مسلمان ہو جانے کی وجہ سے اس کو معاف کر دیا گیا اور دوسری کو قتل کر دیا گیا۔ (12) ان مرد و عورت کے علاوہ حویرث بن نقید کو بھی رسول اللہ ﷺ کی ہجو و توہین کی سزا میں قتل کر دیا گیا۔ باقی سب مکہ والوں کو معافی مل گئی۔ (13)”اس کی آنکھ خائن ہو“ آپ حضرت عثمان رضی اللہ تعالٰی عنہ کی وجہ سے قتل کا حکم نہیں دے رہے تھے لیکن اگر کوئی قتل کر دیتا تو آپ روکتے بھی نہ کیونکہ اس کے قتل کا فرمان تو جاری ہو چکا تھا۔ اس بات کو کوئی سمجھ لیتا تو اسے قتل کر دیتا۔ آپ کے بیعت نہ لینے میں بھی اس طرح اشارہ تھا کہ قتل کا فرمان قائم ہے۔ آنکھ سے اشارۂ قتل آپ نہیں فرما سکتے تھے کیونکہ جو بات زبان سے نہیں کہہ رہے تھے، اسے آنکھ سے کہنا خیانت کی ذیل میں آ سکتا ہے۔ کہ حضرت عثمان رضی اللہ تعالٰی عنہ سے چھپا کر قتل کا حکم دیتے یہ نبی کی شان کے لائق نہ تھا۔ کوئی شخص خود سے نہیں اٹھا، لہٰذا آخر آپ نے بیعت لے لی -ﷺ- (14) ثابت ہوا مرتد توبہ کرے اور اسلام قبول کرنے کا اعلان کرے تو اس کی سزا کی معافی حاکم وقت کا اختیار ہے۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 4072