الحمدللہ ! احادیث کتب الستہ آف لائن ایپ ریلیز کر دی گئی ہے۔    

1- حدیث نمبر سے حدیث تلاش کیجئے:



سنن نسائي
كتاب الجمعة
کتاب: جمعہ کے فضائل و مسائل
28. بَابُ : الْقِرَاءَةِ فِي الْخُطْبَةِ
28. باب: خطبہ جمعہ میں قرآن پڑھنے کا بیان۔
حدیث نمبر: 1412
أَخْبَرَنَا مُحَمَّدُ بْنُ الْمُثَنَّى، قال: حَدَّثَنَا هَارُونُ بْنُ إِسْمَاعِيلَ، قال: حَدَّثَنَا عَلِيٌّ وَهُوَ ابْنُ الْمُبَارَكِ، عَنْ يَحْيَى، عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ عَبْدِ الرَّحْمَنِ، عَنِ ابْنَةِ حَارِثَةَ بْنِ النُّعْمَانِ، قَالَتْ:" حَفِظْتُ ق وَالْقُرْءَانِ الْمَجِيدِ مِنْ فِي رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَهُوَ عَلَى الْمِنْبَرِ يَوْمَ الْجُمُعَةِ".
حارثہ بن نعمان رضی اللہ عنہ کی بیٹی (ام ہشام) کہتی ہیں کہ میں نے «ق والقرآن المجيد» کو جمعہ کے دن منبر پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے منہ سے سن سن کر یاد کیا ۱؎۔ [سنن نسائي/كتاب الجمعة/حدیث: 1412]
تخریج الحدیث دارالدعوہ: «صحیح مسلم/الجمعة 13 (873)، سنن ابی داود/الصلاة 229 (1100، 1102، 1103)، مسند احمد 6/435، 463، (تحفة الأشراف: 18363) (صحیح)»

وضاحت: ۱؎: اس سے ثابت ہوتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جمعہ کے خطبے میں پوری سورۃ ق پابندی سے پڑھا کرتے تھے۔

قال الشيخ الألباني: صحيح

قال الشيخ زبير على زئي: صحيح مسلم

سنن نسائی کی حدیث نمبر 1412 کے فوائد و مسائل
  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله، سنن نسائي، تحت الحديث 1412  
1412۔ اردو حاشیہ:
➊ یعنی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہمیشہ یا اکثر جمعے کے دن خطبے میں یہ سورت مکمل پڑھتے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس سورت میں بعث بعد الموت، ذکر موت اور وعظ و زجر بڑے مؤثر پیرائے میں بیان کیے گئے ہیں۔ صوتی آہنگ اس پر مستزاد ہے۔ چھوٹی چھوٹی آیات ہیں۔ توجہ سے پڑھی جائیں تو دل کی دنیا بدل جاتی ہے۔
➋ امام شافعی رحمہ اللہ کے نزدیک جمعے کے ہر خطبے میں پانچ چیزیں ضرور ہونی چاہییں: حمد باری تعالیٰ، نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر درود، قرأت قرآن، وعظ اور دعا، ورنہ خطبہ ناقص ہو گا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا عمل اس کی تائید کرتا ہے۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1412