بریدہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جنت والوں کی ایک سو بیس صفیں ہوں گی، ان میں سے اسی صفیں اس امت کے لوگوں کی ہوں گی، اور چالیس صفیں اور امتوں میں سے“۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الزهد/حدیث: 4289]
مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث4289
اردو حاشہ: فوائد و مسائل: (1) ۔ دوسری حدیث میں ہے کہ تمھارے مقابلے میں دوسروں کی تعداد ایسے ہوگی جیسے سفید بیل پر ایک سیاہ بال (حدیث: 4283) یہ موازنہ مشرکین سے ہے۔ اور دوتہائی تعداد صرف اہل جنت کے مقابلے میں ہے۔
(2) اس سے امت محمدیہ کا شرف ظاہر ہے۔ تاہم نجات کے لئے صرف امتی ہونا کافی نہیں بلکہ صحیح ایمان اور صحیح عمل بھی ضروری ہے۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 4289