ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ ہم آل محمد صلی اللہ علیہ وسلم مہینہ ایسے گزارتے تھے کہ ہمارے گھر میں آگ نہیں جلتی تھی، سوائے کھجور اور پانی کے کچھ نہیں ہوتا تھا۔ ابن نمیر نے «نمكث شهرا» کے بجائے «نلبث شهرا» کہا ہے۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الزهد/حدیث: 4144]
مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث4144
اردو حاشہ: فوائد و مسائل:
(1) اس میں نبی ﷺکے زہدٌ، استغناء، قناعت اور سادگی کا بیان ہے۔
(2) حیات مبارکہ کے آخری سالوں میں رسول اللہ ﷺ نے سال بھر کے لیے کھجوریں اور جو اکھٹے کرنا شروع کردیے تھے لیکن امہات المومنین سخاوت سے کام لیتے ہوئے جلد ہی خرچ کردیتی تھیں، اس لیے اکثر روٹی سالن اور گوشت وغیرہ کے بغیر گزارہ ہوتا تھا۔ بعض اوقات کھجوریں بھی میسر نہیں تھیں۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 4144