الحمدللہ ! احادیث کتب الستہ آف لائن ایپ ریلیز کر دی گئی ہے۔    

1- حدیث نمبر سے حدیث تلاش کیجئے:



سنن ابن ماجه
كتاب الفتن
کتاب: فتنوں سے متعلق احکام و مسائل
4. بَابُ : سِ بَابُ : الْمُسْلِمِ فُسُوقٌ وَقِتَالُهُ كُفْرٌ
4. باب: مسلمان کو گالی دینا فسق اور اس سے لڑنا کفر ہے۔
حدیث نمبر: 3941
حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ مُحَمَّدٍ , حَدَّثَنَا وَكِيعٌ , عَنْ شَرِيكٍ , عَنْ أَبِي إِسْحَاق , عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ سَعْدٍ , عَنْ سَعْدٍ , قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:" سِبَابُ الْمُسْلِمِ فُسُوقٌ , وَقِتَالُهُ كُفْرٌ".
سعد رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مسلمان کو گالی دینا فسق، اور اس سے لڑنا کفر ہے۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الفتن/حدیث: 3941]
تخریج الحدیث دارالدعوہ: «تفرد بہ ابن ماجہ، (تحفة الأشراف: 3923، ومصباح الزجاجة: 1381)، وقد أخرجہ: مسند احمد (1/178) (صحیح)» ‏‏‏‏

قال الشيخ الألباني: صحيح

قال الشيخ زبير على زئي: صحيح

   سنن ابن ماجهسباب المسلم فسوق قتاله كفر
   سنن النسائى الصغرىقتال المسلم كفر وسبابه فسوق

سنن ابن ماجہ کی حدیث نمبر 3941 کے فوائد و مسائل
  مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث3941  
اردو حاشہ:
  فوائد و مسائل:
(1)
کفر سے مراد کبیرہ گناہ ہے یعنی یہ ایسا کام ہے جو مسلمان کے لائق نہیں یہ تو کسی کافر کے کرنے کا کام ہے۔

(2)
جن کاموں کو کفر کے کام یا جاہلیت کے کام کہا جاتا ہے ان سے انتہائی پرہیز کرنا چاہیے۔
   سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 3941   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث4109  
´مسلمان سے لڑنا۔`
سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مسلمان سے لڑنا کفر (کا کام) اور اسے گالی دینا فسق ہے ۱؎۔ [سنن نسائي/كتاب تحريم الدم/حدیث: 4109]
اردو حاشہ:
(1) باب کے ساتھ حدیث کی مناسبت بالکل واضح ہے کہ مسلمان کے ساتھ لڑائی کرنا بہت بڑا کبیرہ گناہ اور کفریہ عمل ہے۔
(2) اس حدیث سے ثابت ہوتا ہے کہ مسلمان کی عزت و حرمت اور اس کا وقار بہت زیادہ ہے، لہٰذا جو شخص کسی مسلمان کی بے عزتی اور توہین کرتا یا اسے ستاتا ہے، وہ ایمان کے تقاضے پامال کرتا ہے، چنانچہ اپنے ایمان کی حفاظت کے لیے اس پر لازم ہے کہ وہ ہر مسلمان کی تعظیم و تکریم کرے، نیز اسے بے عزت کرنے سے احتراز کرے اور گالی گلوچ جیسے قبیح عمل سے کنارہ کشی کرتے ہوئے محتاط رویہ اپنائے۔ یہ کام کسی مسلمان کے شایانِ شان نہیں۔
(3) اس حدیث سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ جب عام مسلمان کو گالی گلوچ دینا کبیرہ گناہ اور ناجائز عمل ہے تو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم جو تمام امت سے افضل و اکرم اور اعلیٰ و ارفع درجے کے مسلمان ہیں، ان کو سب و شتم کا نشانہ بنانا کس قدر گندا، قبیح و غلیظ عمل اور گھناؤنا جرم ہو گا۔ اَعَاذَنَا اللّٰہُ مِنْه۔
(4) یہ حدیث مرجئہ فرقے کے اس باطل عقیدے کا صریح طور پر رد کرتی ہے کہ انسان کے لیے ایمان کے ساتھ گناہ نقصان دہ نہیں ہوتے، نیز ان کے اس عقیدے کا بھی اس حدیث سے رد ہوتا ہے کہ اعمال ایمان کا حصہ نہیں۔
(5) حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کی ادائیگی بھی ازحد ضروری ہے۔ ایک کامل مومن کے لیے ضروی ہے کہ سرتا پا اپنے تمام اعضاء کو سوچ سمجھ کر استعمال کرے، بالخصوص ہاتھ اور زبان سے کسی بھی مسلمان کو معمولی سے معمولی نقصان اور تکلیف تک نہ دے۔ 
(6) لڑائی لڑنا اس سے مسلح لڑائی مراد ہے۔ زبانی یا دستی یا لاٹھی کی لڑائی کو عربی زبان میں قتال نہیں کہتے کیونکہ اس قسم کی لڑائی میں کسی کے قتل ہونے کا غالب امکان نہیں ہوتا۔ (قتال قتل سے بنا ہے۔)
(7) کفر ہے یہاں کفر سے مراد کفر دون کفر ہے، وہ کفر مراد نہیں جس کی وجہ سے مسلمان مسلمان ہی نہیں رہتا، یعنی یہاں کفر اکبر مراد نہیں بلکہ کفریہ عمل کی نشاندہی مراد ہے، نیز مسلمان سے لڑائی کی شدید قباحت کا بیان مقصود ہے۔ و اللہ أعلم۔
(8) فسق سے مراد کبیرہ گناہ ہے۔ جس کے کرنے سے انسان کافر تو نہیں بنتا مگر صحیح مومن بھی نہیں رہتا۔ گالی گلوچ اس لیے فسق ہے کہ یہ لڑائی کا پیش خیمہ ہے۔ عام طور پر گالی گلوچ قتل و قتال کا سبب بن جاتے ہیں، نیز گالی گلوچ کرنا فاسقین کا کام ہے۔ مزید برآں یہ بھی کہ جن کاموں کو کفر و فسق یا جاہلیت کے کام کہا گیا ہے، ان سے بچنا بہت ضروری بلکہ واجب ہے کیونکہ ایسے کام کسی مسلمان کو زیب نہیں دیتے اور نہ کسی مومن کے لائق ہی ہیں۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 4109