سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ جس دن میں نے اسلام قبول کیا اس دن کسی نے اسلام نہ قبول کیا تھا، اور میں (ابتدائی عہد میں) سات دن تک مسلمانوں کا تیسرا شخص تھا ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/باب فى فضائل اصحاب رسول الله صلى الله عليه وسلم/حدیث: 132]
تخریج الحدیث دارالدعوہ: «
وضاحت: ۱؎: یعنی سات دن تک کوئی اور مسلمان نہ ہوا، یعنی میں ان لوگوں میں سے ہوں جنہوں نے اسلام لانے میں پہل کی، یہ بات ان کے اپنے علم کی بنیاد پر ہے۔
مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث132
اردو حاشہ: فوائد و مسائل: (1) ایک تہائی کا مطلب یہ ہے کہ مجھ سے پہلے صرف دو افراد نے اسلام قبول کیا تھا، میرے اسلام لانے سے مسلمانوں کی کل تعداد تین ہو گئی۔ سات دن تک کوئی اور صاحب اسلام میں داخل نہیں ہوئے۔
(2) یہاں آزاد جواں مرد افراد کے اسلام لانے کا ذکر ہے۔ ورنہ آپ سے پہلے حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا (خاتون) ، زید بن حارثہ رضی اللہ عنہ (غلام) حضرت علی بن ابوطالب رضی اللہ عنہ (نوعمر) ، اسلام میں داخل ہو چکے تھے۔ آزاد حضرات میں سے حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ پہلے مسلم ہیں۔ ان کے بعد صرف ایک صاحب کے بعد حضرت سعد بن ابووقاص رضی اللہ عنہ نے اسلام قبول کیا۔ اس طرح ﴿اَلسَّابِقُوْنَ الْاَوَّلُوْنَ﴾ کے خطاب کے حامل ہوئے، جو ایک عظیم شرف ہے۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 132