سیّدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہماسے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اسلام کی بنیاد پانچ چیزوں پر قائم کی گئی ہے۔ اول گواہی دینا کہ اللہ تعالیٰ کے علاوہ کوئی معبود نہیں اور بے شک سیّدنا محمد صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے سچے رسول ہیں اور نماز قائم کرنا اور زکوٰۃ ادا کرنا اور حج کرنا اور رمضان کے روزے رکھنا۔ [اللؤلؤ والمرجان/کِتَابُ الْاِیْمَانِ/حدیث: 9]
تخریج الحدیث: «صحیح، _x000D_ أخرجه البخاري في: 2 كتاب الإيمان: 2 باب دعاؤكم إيمانكم»
وضاحت: راوي حدیث: …سیّدنا عبداللہ بن عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ اپنے والد گرامی قدر کے ساتھ بچپن میں ہی مسلمان ہوگئے تھے اور ہجرت کی۔ بدر اور احد کے غزوات میں کم عمری کی وجہ سے پیچھے رکھے گئے تھے جب کہ پندرہ سال کی عمر میں غزوئہ خندق میں شریک ہوئے تھے۔ بیعت رضوان والوں میں سے ہیں۔ آپ کے بارے میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا عبداللہ بہت ہی اچھا آدمی ہے کاش کہ قیام اللیل کرے۔ اس کے بعد آپ رات کو بہت کم سوتے تھے۔ آپ نے ۲۶۳۰ احادیث روایت کی ہیں۔ جن میں سے ۱۸۶ متفق علیہ ہیں۔ ۷۳ہجری کو ۸۴ سال کی عمر میں وفات پائی۔