سیّدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ جمعہ کے دن کھڑے خطبہ دے رہے تھے کہ اتنے میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ابتدائی اصحاب مہاجرین میں سے ایک بزرگ تشریف لائے (یعنی سیّدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ) سیّدنا عمر رضی اللہ عنہ نے ان سے کہا بھلا یہ کون سا وقت ہے انہوں نے فرمایا کہ میں مشغول ہو گیا تھا اور گھر واپس آتے ہی اذان کی آواز سنی اس لئے میں وضو سے زیادہ اور کچھ (غسل) نہ کر سکا سیّدنا عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا اچھا (صرف) وضو ہی؟ حالانکہ آپ کو معلوم ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم غسل کے لئے حکم فرماتے تھے۔ [اللؤلؤ والمرجان/كتاب الجمعة/حدیث: 486]
تخریج الحدیث: «صحیح، _x000D_ أخرجه البخاري في: 11 كتاب الجمعة: 2 باب فضل الغسل يوم الجمعة»
وضاحت: من المہاجرین الاولین، یعنی جو غزوہ بدر میں شریک ہوئے یا بیعت رضوان میں شامل تھے یا جنہوں نے دونوں قبلوں کی طرف نماز پڑھی۔ اور رجل سے مراد سیّدنا عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ ہیں۔ (مرتبؒ)