سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم 4 ذوالحجہ صبح کے وقت مکّہ مکرّمہ تشریف لائے -“ امام ابوبکر رحمه الله فرماتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم 4 ذوالحجہ کی صبح کو مکّہ مکرّمہ تشریف لائے، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مکّہ مکرّمہ میں چار دن قیام کیا، سوائے اس وقت کے جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے 4 ذوالحجہ کو مکّہ مکرّمہ پہنچنے کے لئے چلتے ہوئے گزارا اور پانچ تاریخ کا کچھ حصّہ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مکّہ مکرّمہ پہنچ کر اقامت کا پختہ ارادہ کیا - چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے چار تاریخ کا بقیہ دن، پانچ، چھ، سات اور الترویہ، آٹھ تاریخ کا کچھ حصّہ قیام کیا - پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم یوم الترویہ (آٹھ تاریخ) کو مکّہ مکرّمہ سے روانہ ہو گئے اور ظہر کی نماز منیٰ میں پڑھی۔ [صحيح ابن خزيمه/جُمَّاعُ أَبْوَابِ الْفَرِيضَةِ فِي السَّفَرِ/حدیث: 957]