امام ابوبکر رحمه الله فرماتے ہیں کہ میں اس سے پہلے کتاب العیدین میں سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کی یہ حدیث لکھوا چکا ہوں کہ نماز جمعہ دو رکعت ہیں۔ [صحيح ابن خزيمه/حدیث: Q1843]
سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے کا تب جناب عبید اللہ بن ابی رافع بیان کرتے ہیں کہ مروان سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کو مدینہ منوّرہ پر اپنا قائم مقام بناتا تھا ـ تو اُنہوں نے اہل مدینہ کو جمعہ کے دن نماز پڑھائی تو سورة المنافقون «إِذَا جَاءَكَ الْمُنَافِقُونَ» کی قراءت کی۔ تو میں نے کہا کہ اے سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ، آپ نے ہمیں وہ قراءت سنائی ہے جو سیدنا علی رضی اللہ عنہ ہمیں کوفہ میں سناتے تھے۔ سیدنا ابوہر یرہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ میں نے اپنے محبوب ابوالقاسم صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ دونوں سورتیں پڑھتے ہوئے سُنا ہے۔ [صحيح ابن خزيمه/حدیث: 1843]