سعید بن مسیب کہتے ہیں کہ میں نے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کو کہتے ہوئے سنا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں نماز پڑھائی، ہمارا گمان ہے کہ وہ نماز فجر تھی، پھر اسی مفہوم کی حدیث «ما لي أنازع القرآن» تک بیان کی۔ مسدد کی روایت میں ہے کہ معمر نے کہا: تو لوگ اس نماز میں قرآت سے رک گئے جن میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جہری قرآت کرتے تھے، اور ابن سرح کی روایت میں ہے کہ معمر نے زہری سے روایت کی ہے کہ ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: «فانتهى الناس» یعنی لوگ (قرآت سے) رک گئے، عبداللہ بن محمد زہری کہتے ہیں کہ سفیان نے کہا کہ زہری نے کوئی بات کہی، جسے میں سن نہ سکا تو معمر نے کہا وہ یہی «فانتهى الناس» کا کلمہ ہے۔ ابوداؤد کہتے ہیں: اور اسے عبدالرحمٰن بن اسحاق نے زہری سے روایت کیا ہے اور ان کی روایت آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے قول «ما لي أنازع القرآن» پر ختم ہے اور اسے اوزاعی نے بھی زہری سے روایت کیا ہے، اس میں یہ ہے کہ زہری نے کہا: اس سے مسلمانوں نے نصیحت حاصل کی، چنانچہ جس نماز میں آپ جہری قرآت کرتے، آپ کے ساتھ قرآت نہیں کرتے تھے۔ ابوداؤد کہتے ہیں: میں نے محمد بن یحییٰ بن فارس کو کہتے ہو ے سنا ہے کہ «فانتهى الناس» زہری کا کلام ہے ۱؎۔ [سنن ابي داود/أبواب تفريع استفتاح الصلاة /حدیث: 827]
وضاحت: ۱؎: مؤلف کے کلام کا خلاصہ یہ ہے کہ «فانتهى الناس» کے جملہ کو معمر کبھی ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کا کلام قرار دیتے ہیں، اور کبھی زہری کا، لیکن زہری کے دوسرے تلامذہ سفیان، عبدالرحمن بن اسحاق، اوزاعی اور محمد بن یحییٰ بن فارس نے اسے زہری کا کلام قرار دیا ہے۔
قال الشيخ الألباني: صحيح
قال الشيخ زبير على زئي: صحيح انظر الحديث السابق (826)
الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث سنن ابي داود 827
827۔ اردو حاشیہ: امام ترمذی رحمہ اللہ بھی یہی لکھتے ہیں کہ زہری کے کچھ تلامذہ «فانتهي الناس عن القراة حين سمعوا ذلك من رسول الله صلى الله عليه وسلم» کا جملہ جناب زہری کا مقولہ بتاتے ہیں . . . . اور یہ حدیث قائلین قرأت خلف الامام کے خلاف نہیں۔ کیونکہ یہ حدیث (زیر بحث) حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے اور وہی یہ بھی بیان کرتے ہیں کہ جو کوئی نماز پڑھے اور اس میں ام القران نہ پڑھے تو ایسی نماز ناقص ہے، ناقص ہے، کامل نہیں ہے۔ شاگرد نے کہا کہ میں بعض اوقات امام کے پیچھے ہوتا ہوں۔ تو انہوں نے فرمایا: اپنے جی میں پڑھ لیا کرو۔ اور ابوعثمان نہدی حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے راوی ہیں کہ مجھے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے حکم دیا کہ اعلان کر دو کہ ”فاتحہ پڑھے بغیر نماز نہیں“، چنانچہ اکثر اصحاب الحدیث کی ترجیح یہی ہے کہ جب امام جہر کر رہا ہو تو مقتدی قرأت نہ کرے بلکہ سکتات امام میں پڑھا کرے۔ دیکھیے: [جامع تر مذي۔ حديث 312]
سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 827