ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میٹھی چیزیں اور شہد پسند کرتے تھے، اور پھر انہوں نے اسی حدیث کا کچھ حصہ ذکر کیا اور کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ بہت ناگوار لگتا کہ آپ سے کسی قسم کی بو محسوس کی جائے اور اس حدیث میں یہ ہے کہ سودہ ۱؎ نے کہا: بلکہ آپ نے مغافیر کھائی ہے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”نہیں، بلکہ میں نے شہد پیا ہے، جسے حفصہ نے مجھے پلایا ہے“ تو میں نے کہا: شاید اس کی مکھی نے عرفط ۲؎ چاٹا ہو۔ ابوداؤد کہتے ہیں: مغافیر: مقلہ ہے اور وہ گوند ہے، اور جرست: کے معنی چاٹنے کے ہیں، اور عرفط شہد کی مکھی کے پودوں میں سے ایک پودا ہے۔ [سنن ابي داود/كِتَاب الْأَشْرِبَةِ/حدیث: 3715]
وضاحت: ۱؎: پچھلی حدیث میں مغافیر کی بات کہنے والی عائشہ رضی اللہ عنہا یا حفصہ رضی اللہ عنہا ہیں، اور اس حدیث میں سودہ رضی اللہ عنہا،یہ دونوں دو الگ الگ واقعات ہیں، اس حدیث میں مذکور واقعہ پہلے کا ہے، اور پچھلی حدیث میں مذکور واقعہ بعد کا ہے جس کے بعد سورۃ التحریم والی آیت نازل ہوئی۔ ۲؎: عرفط: ایک قسم کی کانٹے دار گھاس ہے جس میں بدبو ہوتی ہے۔
قال الشيخ الألباني: صحيح
قال الشيخ زبير على زئي: صحيح بخاري (5599) صحيح مسلم (1474)
الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 3715
فوائد ومسائل: 1۔ شہد اللہ تعالیٰ کی عظیم جامع نعمتوں میں سے ہے۔ اور بے شمار بیماریون کا تریاق ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے۔ (فِيهِ شِفَاءٌ لِّلنَّاسِ)(النحل۔ 69) اس میں لوگوں کے لئے شفاء ہے۔
2۔ کسی بھی حلال چیز کو اپنے لئے حرام قرار دے لینا نبی کریمﷺکے لئے بھی جائز نہ تھا۔
3۔ مذکورہ بالا اور اس قسم کے دیگر واقعات میں ازواج نبیﷺکی آپس میں کشاکش اس بات کی تصریح ہے کہ وہ اس دنیا کی مخلوق تھیں۔ معاشرتی زندگی کے حوالے سے ان کے جزبات فطری تھے۔ وہ معصوم عن الخطا نہ تھیں۔ مگر اللہ عزوجل نے انہیں نبی کریمﷺ کی دل ب بستگی اور اشاعت دین کےلئے منتخب فرمایا لیا تھا۔ ان میں سے ہر ایک کی یہ پُرزور تمنا اور انتہائی کوشش ہوتی تھی کہ جس طرح بھی بن پائے وہ محمد رسول اللہﷺ کی الفت ومحبت اور التفات کا زیادہ سے زیادہ حصہ وصول کرلے۔ اور یہ عین ایمان بھی ہے، اس صورت حال میں اس انداز کے معمولی جھول نظرانداز کردینے کے لائق تھے۔ اور ہیں۔ جہاں ضروری سمجھا گیا، تنبیہ بھی کی گئی ان ازواج مطہرات کا جو قلبی وقالبی ربط وضبط رسول اللہﷺکے ساتھ تھا۔ اس کی بنا پر اللہ تعالیٰ نے انھیں مخاطب کرکے فرمایا (يَا نِسَاءَ النَّبِيِّ لَسْتُنَّ كَأَحَدٍ مِّنَ النِّسَاءِ ۚ)(الأحزاب۔ 32) اے نبیﷺ! کی بیویوں تم عام عورتوں کیطرح نہیں ہو۔ اور نبی کریمﷺ سے فرمایا۔ (لَّا يَحِلُّ لَكَ النِّسَاءُ مِن بَعْدُ وَلَا أَن تَبَدَّلَ بِهِنَّ مِنْ أَزْوَاجٍ وَلَوْ أَعْجَبَكَ حُسْنُهُنَّ إِلَّا مَا مَلَكَتْ يَمِينُكَ)(الأحزاب:52) اے نبی ﷺ!آپ کے لئے ان بیویوں کے بعد اور کوئی عورت حلال نہیں۔ اور نہ آپﷺ ان کے بدلے کوئی او رلا سکتے ہیں۔ خواہ ان کا حسن آپ کو کتنا ہی پسند کیوں نہ آئے۔ ہاں لونڈیاں جائز ہیں۔ انہی فضائل کی بنا پر یہ امت کی مایئں قرار دی گیئں ہیں۔ (رضی اللہ تعالیٰ عنھن و أرضاھن)
سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 3715