عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ ایک شخص (سعد بن عبادہ رضی اللہ عنہ) نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا: اللہ کے رسول! میری ماں کا انتقال ہو گیا ہے، کیا اگر میں ان کی طرف سے خیرات کروں تو انہیں فائدہ پہنچے گا؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ہاں (پہنچے گا)“، اس نے کہا: میرے پاس کھجوروں کا ایک باغ ہے، میں آپ کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ میں نے اسے اپنی ماں کی طرف سے صدقہ کر دیا۔ [سنن ابي داود/كِتَاب الْوَصَايَا/حدیث: 2882]
الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 2882
فوائد ومسائل: ایصال ثواب کی یہی صورتیں جائز اور مشروع ہیں۔ کے اولاد اپنے مرحوم والدین کےلئے دعایئں کرتی رہے اور اس کی طرف س مال خرچ کرے۔ خواہ انہوں نے اس کی طرف سے وصیت نہ بھی کی ہو۔ حج کرنا بھی انہی اعمال میں شامل ہے۔ جیسے کہ گزشتہ حدیث 2877 میں گزرا ہے۔ (مذید تفصیل کےلئے ملاحظہ ہو، حافظ صلاح الدین یوسف کا کتابچہ ایصال ثواب اور قرآن خوانی شائع کردہ، دارالسلام)
سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 2882
تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 669
´میت کی طرف سے صدقہ کرنے کا بیان۔` عبداللہ بن عباس رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ ایک شخص نے عرض کیا: اللہ کے رسول! میری والدہ فوت ہو چکی ہیں، اگر میں ان کی طرف سے صدقہ کروں تو کیا یہ ان کے لیے مفید ہو گا؟ آپ نے فرمایا: ”ہاں“، اس نے عرض کیا: میرا ایک باغ ہے، آپ گواہ رہئیے کہ میں نے اسے والدہ کی طرف سے صدقہ میں دے دیا۔ [سنن ترمذي/كتاب الزكاة/حدیث: 669]
اردو حاشہ: 1؎: ان دونوں کے سلسلہ میں اہل سنت و الجماعت میں کوئی اختلاف نہیں، اختلاف صرف بدنی عبادتوں کے سلسلہ میں ہے جیسے صوم و صلاۃ اور قرأت قرآن وغیرہ عبادتیں۔
سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 669
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 2756
2756. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ حضرت سعد بن عبادہ ؓ کی عدم موجودگی میں ان کی والدہ فوت ہوگئیں۔ انھوں نے کہا: اللہ کے رسول ﷺ!میری عدم موجودگی میں میری والدہ فوت ہوگئی ہیں تو کیا اگر میں کوئی چیز ان کی طرف سے صدقہ کروں تو وہ انھیں نفع پہنچائے گی؟آپ نے فرمایا: ”ہاں (ضرور نفع د ے گی)۔“ حضرت سعد ؓ نے کہا: میں آپ کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ میرا پھل دارباغ ان کی طرف سے صدقہ ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2756]
حدیث حاشیہ: حضرت سعد بن عبادہ ؓ غزوہ دومۃ الجندل میں آنحضرت ﷺ کے ساتھ گئے ہوئے تھے‘ پیچھے سے ان کی محترمہ والدہ کا انتقال ہوگیا۔ مخراف اس باغ کا نام تھا یا اس کے معنی بہت میوہ دار کے ہیں۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2756
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 2762
2762. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ حضرت سعد بن عبادہ ؓ جو قبیلہ بنو ساعدہ سے ہیں، ان کی والدہ کاانتقال ہوگیا جبکہ وہ گھر سے باہر تھے۔ وہ نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا: اللہ کے رسول ﷺ!میری والدہ کاانتقال ہوگیا ہے اور میں اس وقت موجود نہیں تھا تو کیا اب اگر میں اس کی طرف سے کوئی چیز صدقہ کروں تو اس کو فائدہ ہوگا؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ”ہاں۔“ حضرت سعد ؓ نے عرض کیا: میں آپ کو گواہ بناتا ہوں کہ میرا باغ مخراف اس کی طرف سے صدقہ ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2762]
حدیث حاشیہ: لفظ مخراف کے بارے میں حافظ صاحب ؒ فرماتے ہیں: قوله المخراف بکسر أوله وسکون المعجمة وآخرہ فاء أي المکان المثمر سمي بذلك لما یخرف منه أي یجنی من الثمرة تقول شجرة مخراف و مثمار قاله الخطابي ووقع في روایة عبدالرزاق المخرف بغیر ألف وھو اسم الحائط المذکور و الحائط البستان (فتح) یعنی مخراف پھل دار درخت کوکہتے ہیں‘ اس باغ کانام ہی مخراف ہوگیا تھا۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2762
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 2770
2770. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ ایک آدمی نے رسول اللہ ﷺ سے کہا: ان کی والدہ فوت ہو چکی ہیں۔ اگر میں ان کی طرف سے صدقہ کروں تو کیا ان کو نفع دے گا؟آپ نے فرمایا: ”ہاں (فائدہ پہنچے گا)۔“ اس نے عرض کیا: میرا ایک پھل دار باغ ہے، میں آپ کو گواہ بناتا ہوں کہ میں نے ان کی طرف سے وہ صدقہ کر دیا ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2770]
حدیث حاشیہ: یہاں بھی اس باغ کی حدود کو بیان نہیں کیا گیا۔ اس سے مقصد باب ثابت ہوا۔ یہ بھی ثابت ہوا کہ ایصال ثواب کیلئے کنواں یا کوئی باغ وقف کردینا بہترین صدقہ جاریہ ہے کہ مخلوق اس سے فائدہ حاصل کرتی رہے گی اور جس کیلئے بنایا گیا اس کو ثواب ملتا رہے گا۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2770
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:2756
2756. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ حضرت سعد بن عبادہ ؓ کی عدم موجودگی میں ان کی والدہ فوت ہوگئیں۔ انھوں نے کہا: اللہ کے رسول ﷺ!میری عدم موجودگی میں میری والدہ فوت ہوگئی ہیں تو کیا اگر میں کوئی چیز ان کی طرف سے صدقہ کروں تو وہ انھیں نفع پہنچائے گی؟آپ نے فرمایا: ”ہاں (ضرور نفع د ے گی)۔“ حضرت سعد ؓ نے کہا: میں آپ کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ میرا پھل دارباغ ان کی طرف سے صدقہ ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2756]
حدیث حاشیہ: (1) حضرت سعد ؓ کی والدہ کا نام عمرہ بنت مسعود تھا۔ ان کی وفات کے وقت حضرت سعد ؓ رسول اللہ ﷺ کے ہمراہ غزوۂ دومۃ الجندل میں شریک تھے۔ جب جنگ سے واپس آئے تو رسول اللہ ﷺ نے ان کی قبر پر جا کر نماز جنازہ ادا کی۔ (2) حضرت ابن عباس ؓ اس وقت اپنے والد گرامی حضرت عباس ؓ کے ہمراہ مکہ مکرمہ میں تھے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے یہ واقعہ حضرت سعد ؓ سے سنا ہو گا جیسا کہ بعض روایات سے معلوم ہوتا ہے۔ (3) حضرت سعد ؓ نے اپنی والدہ کی طرف سے باغ صدقہ کیا تھا۔ میت کی طرف سے صدقہ کرنا جائز ہے۔ اس سے میت کو نفع پہنچتا ہے۔ (4) مخراف، حضرت سعد ؓ کے باغ کا نام ہے جو زیادہ پھل دینے کی وجہ سے رکھا گیا تھا۔ (فتح الباري: 472/5۔ 473)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2756
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:2762
2762. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ حضرت سعد بن عبادہ ؓ جو قبیلہ بنو ساعدہ سے ہیں، ان کی والدہ کاانتقال ہوگیا جبکہ وہ گھر سے باہر تھے۔ وہ نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا: اللہ کے رسول ﷺ!میری والدہ کاانتقال ہوگیا ہے اور میں اس وقت موجود نہیں تھا تو کیا اب اگر میں اس کی طرف سے کوئی چیز صدقہ کروں تو اس کو فائدہ ہوگا؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ”ہاں۔“ حضرت سعد ؓ نے عرض کیا: میں آپ کو گواہ بناتا ہوں کہ میرا باغ مخراف اس کی طرف سے صدقہ ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2762]
حدیث حاشیہ: (1) جب اس حدیث سے صدقے پر گواہ بنانا ثابت ہو گیا تو وقف اور وصیت کو اس پر قیاس کر کے ان کے لیے بھی گواہ بنانا ثابت ہو جائے گا۔ حافظ ابن حجر ؒ کہتے ہیں: حدیث میں رسول اللہ ﷺ کو اس کی اطلاع دینے کے لیے بھی یہ لفظ استعمال ہو سکتا ہے۔ ممکن ہے کہ معروف گواہی مراد نہ ہو۔ لیکن جب خریدوفروخت میں گواہ بنانا قرآن سے ثابت ہے، حالانکہ اس میں معاوضہ ہوتا ہے تو وقف اور وصیت میں تو بالاولیٰ گواہ بنانا درست ہو گا۔ (2) شارح بخاری ابن منیر ؒ کہتے ہیں: امام بخاری ؒ نے اس عنوان سے ایک وہم دور کیا ہے، وہ یہ کہ جب وقف وغیرہ نیکی کے اعمال سے ہے تو اسے لوگوں سے مخفی رکھنا چاہیے۔ امام بخاری ؒ نے وضاحت کر دی ہے کہ اس کا ظاہر کرنا جائز ہے تاکہ کل کو اس کے متعلق کوئی وارث جھگڑا یا اختلاف نہ کرے۔ (فتح الباري: 478/5) ابن بطال ؒنے کہا ہے: وقف میں گواہ بنانا واجب ہے، اس کے بغیر وقف درست نہیں ہو گا۔ (عمدة القاري: 45/10)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2762
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:2770
2770. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ ایک آدمی نے رسول اللہ ﷺ سے کہا: ان کی والدہ فوت ہو چکی ہیں۔ اگر میں ان کی طرف سے صدقہ کروں تو کیا ان کو نفع دے گا؟آپ نے فرمایا: ”ہاں (فائدہ پہنچے گا)۔“ اس نے عرض کیا: میرا ایک پھل دار باغ ہے، میں آپ کو گواہ بناتا ہوں کہ میں نے ان کی طرف سے وہ صدقہ کر دیا ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2770]
حدیث حاشیہ: (1) ایک دوسری روایت کے مطابق اس آدمی کا نام حضرت سعد بن عبادہ ؓ تھا۔ انہوں نے اپنا ایک پھل دار باغ اپنی والدہ کی طرف سے صدقہ کیا تھا۔ چونکہ وقف اور صدقہ ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں، اس لیے دونوں کا حکم ایک ہے۔ (2) مخراف اسم جنس ہے۔ اس کی تحدید ضروری تھی لیکن اس کی تحدید صدقہ کرنے والے کی طرف نسبت کرنے سے ہو گئی کیونکہ اس کے پاس صرف یہی باغ تھا جو ممتاز و متعین تھا۔ (3) یہ بھی ثابت ہوا کہ ایصال ثواب کے لیے کنواں یا باغ وقف کر دینا بہترین صدقہ جاریہ ہے۔ جب تک مخلوق ان سے فائدہ حاصل کرتی رہے گی مرنے والے کو ثواب ملتا رہے گا۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2770