سیدنا براء رضی اللہ عنہ ا سے مرفوعاً بیان کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بے شک بعض شعر پر حکمت ہوتے ہیں اور بے شک بعض بیان جادو ہوتے ہیں۔“[مسند الشهاب/حدیث: 966]
تخریج الحدیث: إسناده ضعيف جدا، محمد بن عبید اللہ متروک ہے، اس میں ایک اور علت بھی ہے۔
وضاحت: تشریح: - ”بعض بیان جادو ہوتے ہیں۔“ اس فرمان سے بیان (خطبہ و تقریر) کی تعریف و مذمت دونوں ظاہر ہوتی ہیں۔ بعض بیان جادو کی سی تاثیر رکھتے ہیں لوگ ان سے بہت متاثر ہوتے ہیں اگر یہ بیان لوگوں کے عقائد اور اعمال کی اصلاح کا ذریعہ ہوں تو یہ محمود و مستحسن ہیں اور اگر ان سے بگاڑ آئے تو پھر نا جائز اور قابل مذمت ہیں۔ ”بعض شعر پر حکمت ہوتے ہیں۔“ یعنی سارے شعر برے نہیں ہوتے بعض اشعار میں حق بات اور حکمت کا بیان ہوتا ہے ان سے لوگوں کی اصلاح ہوتی ہے۔ بہر حال شعر بھی ایک کلام ہے، اچھا شعر اچھا ہے اور برا شعر برا ہے۔