سیدنا انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس چیز میں بے حیائی ہو اسے یہ بدنما بنا دیتی ہے اور جس چیز میں حیا ہوا سے یہ خوشنما بنا دیتی ہے۔“[مسند الشهاب/حدیث: 794]
تخریج الحدیث: «صحيح، وأخرجه الترمذي فى «جامعه» برقم: 1974، 3301، وابن ماجه فى «سننه» برقم: 3697، 4185، وأحمد فى «مسنده» برقم: 12129»
وضاحت: تشریح: - مطلب یہ ہے کہ نرمی اور حیا دو ایسی خصلتیں ہیں کہ جس انسان کو یہ مل جائیں تو گویا اسے دنیا اور آخرت کی بھلائیاں مل گئیں، وہ شخص نہ صرف لوگوں میں ہر دلعزیز اور محبوب ہوگا بلکہ اللہ تعالیٰ ٰ کے ہاں بھی مقبول اور پسندیدہ لوگوں میں ہو جائے گا، اس سے بڑی زینت اور خوبصورتی اور کیا ہو سکتی ہے کہ انسان خالق اور مخلوق دونوں کے ہاں محبوب بن جائے؟ نرمی اور حیا کے مقابلے میں اکھڑپن اور بے حیائی ہے یہ دونوں جس کے اندر آجائیں وہ دنیا اور آخرت کی بھلائیوں سے محروم ہو گیا، ایسا انسان خالق اور مخلوق دونوں کے ہاں ناپسندیدہ ہے، انسان کے لیے اس سے بڑھ کر اور کیا دھبہ ہوگا کہ وہ خالق اور مخلوق کے نزدیک ناپسندیدہ ہو؟ بہر حال نرمی اور حیا میں خیر ہی خیر ہے جبکہ سختی اور بے حیائی میں شر ہی شر ہے۔