ابوبحر بکراوی کہتے ہیں کہ ہم امام شعبہ کے پاس تھے کہ ایک سائل آیا تو شعبہ نے کہا: صدقہ کرو۔ لیکن لوگوں نے صدقہ نہ کیا تو انہوں نے فرمایا: ہمیں ابواسحاق نے عبداللہ بن معقل از عدی بن حاتم کی سند سے حدیث بیان کی کہ بے شک نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”آگ سے بچو اگر چہ کھجور کے ایک ٹکڑے کے ساتھ ہی ہو۔“(حدیث سن کر بھی) سائل کوکچھ نہ دیا گیا تو امام شعبہ نے فرمایا: ہمیں اعمشی نے خیثمہ از عدی بن حاتم کی سند سے حدیث بیان کی کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”آگ سے بچو اگر چہ کھجور کے ایک ٹکڑے کے ساتھ ہی ہو۔“ اس بار بھی لوگوں نے (سائل کو) کچھ نہ دیا تو امام شعبہ نے فرمایا: ہمیں محل بن خلیفہ نے حدیث بیان کی انہوں نے کہا: کہ میں نے عدی بن حاتم کو یہ کہتے سنا کہ رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”آگ سے بچو اگر چہ کھجور کے ایک ٹکڑے کے ساتھ ہی ہو۔“ راوی کہتا ہے کہ لوگوں نے پھر بھی کچھ نہ دیا تو امام شعبہ نے فرمایا: اللہ کی قسم! آج میں تمہیں ضرور کوئی نہ کوئی چیز بیان (حدیث) بیان کرتا رہوں گا، بخیل دکاندارو! یہاں سے اٹھ کر چلے جاؤ۔ [مسند الشهاب/حدیث: 680]
تخریج الحدیث: إسناده ضعیف، ابوبحر بکراوی جمہور کے نزدیک ضعیف ہے۔