سیدنا عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس شخص کے ہاتھ پر کسی آدمی نے اسلام قبول کیااس کے لیے جنت واجب ہوگئی۔“[مسند الشهاب/حدیث: 472]
تخریج الحدیث: إسناده ضعيف جدا، عبد السلام بن محمد الاموی سخت ضعیف ہے۔
وضاحت: فائدہ: - سیدنا سہل رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے خیبر کی لڑائی کے دن فرمایا: ”کل میں ایسے شخص کے ہاتھ میں اسلامی جھنڈا دوں گا جس کے ہاتھ پر اسلامی فتح حاصل ہوگی جو اللہ اور اس کے رسول سے محبت رکھتا ہے اور جس سے اللہ اور اس کے رسول بھی محبت رکھتے ہیں۔“ رات بھر صحابہ رضی اللہ عنہ کے ذہن میں یہی خیال رہا کہ دیکھئے کے جھنڈ ا ملتا ہے، جب صبح ہوئی تو ہر شخص امیدوار تھا لیکن آپ نے فرمایا: ”علی کہاں ہے “؟ عرض کیا گیا کہ ان کی آنکھوں میں درد ہے، آپ نے اپنا مارک تھوک ان کی آنکھوں میں لگایا اس سے انہیں صحت مل گئی اور کسی بھی قسم کی تکلیف باقی نہ رہی، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں جھنڈا دیا تو انہوں نے عرض کیا کہ کیا میں ان لوگوں سے اس وقت تک نہ لڑوں جب تک یہ ہمارے ہی جیسے یعنی مسلمان نہ ہو جائیں؟ آپ نے انہیں ہدایت فرمائی کہ یوں ہی چلے جاؤ جب ان کی سرحد میں اتر و تو انہیں اسلام کی دعوت دو اور انہیں بتاؤ کہ کون کون سے کام ضروری ہیں، اللہ کی قسم! اگر تمہارے ذریعے اللہ ایک شخص کو بھی مسلمان کر دے تو یہ تمہارے لیے سرخ اونٹوں سے بہتر ہے۔“[بخاري: 3009]