اصحاب رسول کے بیٹوں میں سے ایک شخص نے اپنے والد سے روایت کیا، انہوں نے کہا: کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس شخص نے اس حال میں غصہ پیا کہ وہ اسے نکالنے پر قادر تھا تو اللہ اسے امن اور ایمان سے بھر دے گا اور جس شخص نے اس حال میں خوبصورت لباس پہننا ترک کر دیا کہ وہ اس (کے پہننے) پر قادر تھا۔“ راوی بشر بن منصور نے کہا: میرا خیال ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”عاجزی اور انکساری کی وجہ سے ترک کیا تو اللہ تعالیٰ ٰ اسے عزت و بزرگی کا لباس پہنائے گا اور جس نے اللہ کے لیے شادی کرائی تواللہ تعالیٰ اسے بادشاہی کا تاج پہنائے گا۔“[مسند الشهاب/حدیث: 437]
تخریج الحدیث: إسناده ضعیف، محمد بن عجلان مدلس کا عنعنہ ہے۔
وضاحت: فائدہ: - سہیل بن معاذ سے مروی ہے وہ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس شخص نے اس حال میں غصہ پیا کہ وہ اسے نکالنے پر قادر تھا تو اللہ تعالیٰ اسے روز قیامت بر سر مخلوق بلائے گا اور اسے اختیار دے گا کہ جنت کی حور میں سے جسے چاہے اپنے لیے منتخب کر لے۔“[أبو داود: 4777، وسنده حسن]