سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”مردوں کی صفوں میں سے بہترین صف ان کی پہلی صف ہے اور بدتر صف ان کی آخری صف ہے اور عورتوں کی صفوں میں سے بہترین صف ان کی آخری صف ہے اور بدتر صف ان کی پہلی صف ہے۔“[مسند الشهاب/حدیث: 1259]
تخریج الحدیث: «صحيح، وأخرجه مسلم فى «صحيحه» برقم: 440، وابن خزيمة فى «صحيحه» برقم: 1561، والنسائي: 821، وأبو داود فى «سننه» برقم: 678، والترمذي فى «جامعه» برقم: 224، والدارمي فى «مسنده» برقم: 1304، وابن ماجه فى «سننه» برقم: 1000، وابن حبان فى «صحيحه» برقم: 2179، والحميدي فى «مسنده» برقم: 1030، 1031، وأحمد فى «مسنده» برقم: 7479، 8544»
وضاحت: تشریح: - اسلام نے مرد و زن کے باہمی اختلاط کو سخت ناپسند کیا ہے اور دونوں کو ایک دوسرے سے دور رہنے اور پردہ کرنے کی تاکید کی ہے۔ صفوں کی تقدیم و تاخیر کی فضیلت اور عدم فضیلت کا جو مسئلہ اس حدیث میں بیان کیا گیا ہے، وہ بھی اسی پس منظر کی رو سے ہے، کیونکہ عہد نبوی میں خواتین مسجد نبوی میں ہی آکر نماز با جماعت پڑھتی تھیں، اور ان کی صفیں مردوں کے آخر میں ہوتی تھیں۔ گیلری یا الگ گوشے کا انتظام نہیں تھا۔ اس لیے مردوں کی پہلی صف کو سب سے بہتر قرار دیا گیا، کیونکہ وہ عورتوں سے سب سے دور ہوتی ہیں اور عورتوں کی آخری صف کو سب سے بہتر فرمایا۔ کیونکہ یہ بھی مردوں سے سب سے دور ہوتی ہیں۔ اس کے برعکس مردوں کی آخری صف، عورتوں کی پہلی صف کے قریب اور عورتوں کی پہلی صف، مردوں کی آخری صف سے متصل ہوتی تھی، اس لیے انہیں بدتر قرار دیا۔ اس میں خیر (بہتر) اور شر (بدتر) سے مراد ثواب کی کثرت وقلت ہے۔ ورنہ نمازیوں کی کسی صف میں بھی شر (نقصان) کا پہلو نہیں ہے، ہر صف میں خیر ہی خیر ہے لیکن مذکورہ پہلو کی وجہ سے مردوں کی پہلی صف اور عورتوں کی آخری صف زیادہ اجر و ثواب کا باعث ہے۔ اور مردوں کی آخری صف اور عورتوں کی پہلی صف میں ثواب کم ہے۔ (ریاض الصالحین: 242)