سیدنا ابی بن کعب رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بے شک ہر چیز کا ایک دل ہوتا ہے اور بے شک قرآن کا دل سورہ یسٰن ہے اور جس نے اللہ عزوجل کی رضا چاہتے ہوئے سورہ یٰسین پڑھی اللہ اس کی مغفرت فرما دے گا اور اسے اتنا اجر ملے گا کہ جیسے اس نے بارہ مرتبہ مکمل قرآن پڑھا ہو اور جس مسلمان کے پاس ملک الموت کے نزول کے وقت سورہ یسٰن پڑھی جائے تو اس کے پاس اس سورت کے ہر حرف کے بدلے دس فرشتے نازل ہوں گے جو اس کے سامنے صف باندھے کھڑے ہوں گے اس پر درود بھیجیں گے، اس کے لیے استغفار کریں گے، اس کے غسل کے وقت موجود رہیں گے، اس کے جنازے کے ساتھ چلیں گے۔ نماز جنازہ پڑھیں گے، اس کے دفن کا مشاہدہ کریں گے۔ اور جس مسلمان نے سکرات الموت کی حالت میں سورہ یسٰن پڑھی اس کی روح ملک الموت اس وقت تک قبض نہیں کرے گا جب تک جنت کا محافظ فرشتہ ”رضوان“ اس کے پاس جنت کی شراب نہ لے آئے جسے وہ اپنے بستر پر ہی پیئے گا۔ پھر ملک الموت اس کی روح قبض کرے گا جبکہ وہ سیراب ہو گا اور وہ اپنی قبر میں اس حال میں رہے گا کہ سیراب ہوگا اور روز قیامت بھی اس حال میں اٹھے گا کہ سیراب ہوگا اور وہ انبیاء کرام علیہ السلام کے حوضوں میں سے کسی حوض کا محتاج نہ ہوگا یہاں تک کہ جنت میں بھی داخل ہوگا تو سیراب ہوگا۔“[مسند الشهاب/حدیث: 1036]
تخریج الحدیث: إسناده ضعیف، مخلد بن عبد الواحد ضعیف ہے۔