یونس نے ابن شہاب (زہری) سے روایت کی، کہا: مجھے سالم بن عبد اللہ نے خبر دی کہ حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا، آپ فرما رہے تھے: ” اپنی عورتوں کو جب وہ تم سے مسجدوں میں جانے کی اجازت طلب کریں تو انہیں (وہاں جانے سے) نہ روکو۔“ (سالم نے) کہا: تو (ابن عمر کے دوسرے بیٹے) بلال بن عبد اللہ نے کہا: اللہ کی قسم! ہم تو ان کو ضرور روکیں گے۔ اس پرحضرت عبد اللہ رضی اللہ عنہ نے اس کی طرف رخ کیا اور اس کو سخت برا بھلا کہا، میں نے انہیں کبھی (کسی کو) اتنا برا بھلا کہتے نہیں سنا اور کہا: میں تمہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان بتا رہا ہوں اور تم کہتے ہو: اللہ کی قسم! ہم انہیں ضرور روکیں گے۔
حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا آپصلی اللہ علیہ وسلم فرما رہے تھے، ”اپنی عورتوں کو مساجد میں جانے سے نہ روکو، جب وہ تم سے جانے کی اجازت طلب کریں۔ اس پر بلال بن عبداللہ نے کہا، اللہ کی قسم! ہم تو ان کو ضرور روکیں گے تو عبداللہ اس کی طرف متوجہ ہوئے اور اسے سخت برا بھلا کہا، اتنا میں نے کبھی کسی اور کو برا بھلا کہتے نہیں سنا اور کہا میں تمہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان بتاتا ہوں، اور تو کہتا ہے، اللہ کی قسم! ہم انہیں روکیں گے۔