شعبہ نے قتادہ سے روایت کی، کہا: میں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ کو یہ کہتے ہوئے سنا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کےعہد میں چاراشخاص نے قرآن مجید جمع کیا اور وہ سب کے سب انصار میں سے تھے: حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ، حضرت ابی بن کعب رضی اللہ عنہ، حضرت زید بن ثابت رضی اللہ عنہ اور حضرت ابو زید رضی اللہ عنہ۔ قتادہ نے کہا: میں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے پوچھا: ابو زید کون؟فرمایا: وہ میرے ایک چچا ہیں۔
حضرت انس بن مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں،رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کےعہد میں چاراشخاص نے قرآن مجید جمع کیا اور وہ سب کے سب انصار میں سے تھے:حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ تعالیٰ عنہ،حضرت ابی بن کعب رضی اللہ تعالیٰ عنہ،حضرت زید بن ثابت رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضرت ابو زید رضی اللہ تعالیٰ عنہ۔قتادہ نے کہا:میں نے حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے پوچھا:ابو زید کون؟فرمایا:وہ میرے ایک چچا ہیں۔
الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 6340
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: جمع سے یہاں مراد پورے قرآن مجید کی کتابت ہے کہ ان حضرات نے مکمل قرآن مجید لکھا تھا، حفظ قرآن مراد نہیں ہے اور یہ بھی انہوں نے اپنے علم کے مطابق بیان کیا ہے، ان کو صرف ان کا علم تھا، حالانکہ جنگ یمامہ میں شہید ہونے والے حفاظ کی تعداد ستر (70) تھی اور ابوبکر و عمر رضی اللہ عنہما نے اسی لیے قرآن مجید جمع کرنے کا ارادہ کیا تھا کہ اگر مختلف جنگوں میں قرآن کریم کے حافظ اسی طرح شہید ہوتے رہے تو کہیں قرآن مجید کا کوئی حصہ ہی ناپید نہ ہو جائے، پھر یہ کیسے ممکن ہے مہاجرین میں سے کسی نے بھی قرآن مجید یاد نہ کیا ہو، حتی کہ خلفائے اربعہ بھی اس سے محروم رہے ہوں، نیز یہ چاروں خزرجی ہیں، کیا کسی اوسی نے قرآن مجید یاد نہیں کیا تھا اور عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کا اپنا مصحف تھا، جس کو انہوں نے خلیفہ کے حوالہ نہیں کیا تھا۔