ابن ابی عمر نے کہا: ہمیں سفیان نے عمرو سے روایت کی، انھوں نے کہا: میں نے عروہ سے پوچھا: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم (بعثت کے بعد) مکہ میں کتنے سال رہے؟انھوں نے کہا: دس (سال۔) کہا: میں نے کہا: حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ تو دس (سال۔) سے کچھ زائد بتاتے ہیں۔انھوں (عمرو بن دینار) نے کہا: توانھوں (عروہ رحمۃ اللہ علیہ) نے کہا: اللہ ان کی مغفرت کرے!اور کہا: انھوں نے یہ عمر شاعر کے قول سے اخذ کی ہے۔
عمرو کہتے ہیں،میں نے عروہ سے پوچھا، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے مکہ میں کتنا عرصہ قیام کیا؟ اس نے کہا، دس سال، میں نے کہا، ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما تو دس سال سے زائد بتاتے ہیں، عروہ نے کہا، اللہ ان کی مغفرت فرمائے، انہوں نے یہ بات شاعر کے قول سے اخذ کی ہے۔
الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 6095
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: حضرت عروہ کا اشارہ، ابو قیس صرمہ بن ابی انس کے اس شعر کی طرف ہے۔ ”ثوی فی قريش بضع عشرة حجة يذكر لويلقٰی خليلا مواتيا“”وہ قریش میں دس سال سے کچھ زائد سال رہے، اس خیال سے وعظ و تذکیر کرتے رہے کہ کوئی دوست مل جائے، جو ہم نوائی کرے۔ “ لیکن صحیح قول حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما کا ہے، حضرت عروہ نے اپنے خیال کے مطابق اس کو درست نہیں سمجھا، اس لیے ان کے حق میں مغفرت کی دعا کی۔