صالح نے ابن شہاب سے روایت کی، کہا: مجھے ابو سلمہ بن عبدالرحمٰن وغیرہ نے بتا یا کہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کسی سے کوئی مرض خود بخود نہیں چمٹتا، نہ بد فالی کی کوئی حقیقت ہے نہ صفر کی نحوست کی اور نہ کھوپڑی سے الونکلنے کی۔ "تو ایک اعرابی کہنے لگا: یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! (آگے) یو نس کی حدیث کی مانند (ہے۔)
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”عدوی، بدشگونی، صفر اور ہامہ کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔“ تو ایک اعرابی نے کہا: اے اللہ کے رسولصلی اللہ علیہ وسلم ! یعنی مذکورہ بالا سوال نقل کیا۔
الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 5789
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: لا طيرة: بدشگونی اور بدفالی کی کوئی حقیقت نہیں ہے، جس کی ابتداء اس طرح ہوئی تھی کہ اہل جاہلیت کا کوئی فرد جب سفر پر جانا چاہتا تو وہ اگر دیکھتا پرندہ اس کی دائیں جانب اڑ کر گیا ہے تو وہ اس پرندہ کو سانح کا نام دیتا اور باعث برکت سمجھ کر سفر جاری رکھتا اور اگر پرندہ بائیں جانب اڑ کر جاتا تو وہ اسے بارح کا نام دیتا اور باعث نحوست خیال کر کے سفر ختم کر دیتا۔