الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 2847
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: حضرت صعب بن جثامہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے جنگلی گدھا شکار کیا اورآپ صلی اللہ علیہ وسلم کے حضور ابواء یا ودان میں پیش کیا، یہ دونوں مقام قریب قریب ہیں چونکہ گدھا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے شکار کیا گیا تھا اس لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے قبول نہ فرمایا پھر اس نے ذبح کرکے اس کا گوشت پیش کیا تو پھر بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے رد کردیا کیونکہ جو شکار محرم کے لیے کیا جائے وہ زندہ ہو یا اس کا گوشت ہومحرم کے لیے اس کو کھانا درست نہیں ہے۔ جمہور ائمہ کا یہی موقف ہے اور محدثین کا نظریہ بھی یہی ہے جبکہ اما مالک رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک محرم کے لیے کیا گیا شکار حلال کے لیے بھی جائز نہیں ہے۔ اوراگرحلال شکار اپنے لیے کرے، محرم کا اس میں کسی قسم کا دخل اشارتاً یا کنایتاً بھی نہ ہو اور وہ خود محرم کو پیش کرے تو جمہور ائمہ اورمحدثین کے نزدیک محرم کے لیے اس کا کھانا جائز ہے اورامام ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک دونوں صورتوں میں جائز ہے۔ بعض صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین، امام لیث رحمۃ اللہ علیہ اور امام اسحاق کے نزدیک کسی صورت میں جائز نہیں ہے۔