سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے سیدنا ابوطلحہ رضی اللہ عنہ نے (اپنی بیوی) سیدہ ام سلیم رضی اللہ عنہا سے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے کھانا بناؤ، سیدنا انس رضی اللہ عنہ نے کہا: پھر ابوطلحہ نے مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس بھیجا، میں آپ کے پاس پہنچا اور عرض کیا کہ مجھے ابوطلحہ نے آپ کے پاس بھیجا ہے، آپ نے تمام حاضرین سے کہا: ”چلو اٹھو“، چنانچہ آپ اور وہ تمام حاضرین چل پڑے، سیدنا ابوطلحہ رضی اللہ عنہ نے عرض کیا یا رسول اللہ! میں نے صرف آپ کے لئے کھانا تیار کرایا ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے نے فرمایا: ”فکر نہ کرو چلو“، چنانچہ آپ بھی چلے اور وہ تمام لوگ بھی نکل پڑے، کھانا لایا گیا، رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنا دست مبارک کھانے پر رکھا اور بسم اللہ پڑھی (برکت کی دعا کی) پھر کہا: ”اب دس دس آدمی کھانے کے لئے بلاؤ“، اس طرح دس آدمی آئے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”الله کا نام لےکر کھانا شروع کرو“، کھانا شروع ہوا اور دسوں آدمی شکم سیر ہوئے اور باہر چلے گئے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پھر پہلے ہی کی طرح کھانے پر ہاتھ رکھا اور اللہ کا نام لیا اور دس آدمیوں کو کھانے پر بٹھایا اور کہا: ”بسم اللہ کہہ کر کھانا شروع کرو“، چنانچہ انہوں نے شکم سیر ہو کر کھانا کھایا اور باہر چلے گئے، اس طرح اسّی آدمیوں نے کھانا کھایا اور پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور گھر والوں نے کھانا کھایا اور کھانا بچ بھی گیا۔ [سنن دارمي/مقدمه/حدیث: 44]
تخریج الحدیث: تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «إسناده صحيح، [مكتبه الشامله نمبر: 44] » اس واقعے کی سند صحیح ہے، اسے [امام مالك 19] ، [امام بخاري 3578] ، [امام مسلم 2040] ، [ترمذي 3634] ، [ابويعلى 2830] ، [ابن حبان 5285] وغیرہم نے ذکر کیا ہے۔