سیدنا ابوسعید رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک تنے سے لگ کر خطبہ دے رہے تھے کہ ایک رومی آدمی آپ کے پاس آیا اور عرض کیا کہ میں آپ کے لئے منبر بنائے دیتا ہوں جس پر کھڑے ہو کر آپ خطبہ دیا کریں، چنانچہ آپ کے لئے وہ منبر بنا دیا گیا جو آج تم دیکھتے ہو۔ راوی نے کہا جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اس منبر پر خطبہ دینے کے لئے کھڑے ہوئے تو وہ تنا اس طرح رونے لگا جیسے اونٹنی کا بچہ باریک آواز سے روتا ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اترے اور اس تنے کے پاس تشریف لے گئے، اسے چمٹا لیا تو وہ چپ ہو گیا، آپ نے حکم دیا کہ گڑھا کھود کر اسے دفن کر دیا جائے۔ [سنن دارمي/مقدمه/حدیث: 37]
تخریج الحدیث: تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «إسناده ضعيف لضعف مجالد بن سعيد، [مكتبه الشامله نمبر: 37] » اس روایت کی سند ضعیف ہے اور اسے [ابن ابي شيبه 11798] نے اور بیہقی نے [دلائل النبوة 308] میں ابویعلی نے [مسند 1067] میں مختصرا ذکر کیا ہے جس کی سند حسن ہے۔