سیدنا براء بن عازب رضی اللہ عنہما نے کہا: ابتدائے اسلام میں جب اصحاب رسول صلی اللہ علیہ وسلم روزے سے ہوتے اور افطار کا وقت آتا تو کوئی روزے دار اگر افطار سے پہلے سو جاتا تو اس رات بھی اور آنے والے دن بھی شام تک وہ کھا نہیں سکتا تھا۔ پھر ایسا ہوا کہ سیدنا قیس بن صرمہ انصاری رضی اللہ عنہ روزے سے تھے، جب افطار کا وقت ہوا تو وہ اپنی بیوی کے پاس آئے اور کہا: تمہارے پاس کھانے کو کچھ ہے؟ انہوں نے کہا: اس وقت تو کچھ نہیں لیکن میں جاتی ہوں کہیں سے لے آؤں گی، قیس نے دن بھر کام کیا تھا اس لئے ان کی آنکھ لگ گئی، جب بیوی واپس آئیں تو انہیں سوتے دیکھا تو کہا: افسوس تم محروم رہ گئے، جب دوپہر ہوئی تو قیس کو غش آ گیا، جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے اس کا ذکر کیا گیا تو یہ آیت نازل ہوئی: «أُحِلَّ لَكُمْ لَيْلَةَ الصِّيَامِ الرَّفَثُ إِلَى نِسَائِكُمْ ......»[بقره: 187/2] یعنی حلال کر دیا گیا تمہارے لئے رمضان کی راتوں میں اپنی بیویوں سے صحبت کرنا۔ اس پر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم بہت خوش ہوئے اور انہوں نے کھایا اور پیا یہاں تک کہ ظاہر ہو گئی ان کے لئے (صبح کی) سفید دھاری کالی سیاہ دھاری سے۔ [سنن دارمي/من كتاب الصوم/حدیث: 1731]
تخریج الحدیث: تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «، [مكتبه الشامله نمبر: 1735] » اس روایت کی سند صحیح ہے۔ دیکھئے: [بخاري 1915] ، [أبوداؤد 2314] ، [ترمذي 2968] ، [ابن حبان 3460، 3461]
وضاحت: (تشریح حدیث 1730) سیاہ دھاری سے مراد صبحِ کاذب رات کی اندھیری ہے، اور سفید دھاری صبحِ صادق اور صبح کا اجالا ہے، ابتدائے اسلام میں لوگ افطار کے بعد کھاتے پیتے، عورتوں سے صحبت کرتے، لیکن سونے کے بعد کچھ نہیں کر سکتے تھے حتیٰ کہ افطار کا وقت آجائے۔ لیکن بعد میں اللہ تعالیٰ نے روزے کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور مذکورہ بالا آیتِ شریفہ نازل ہوئی اور جملہ مشکلات آسان ہوگئیں، تب لوگوں کو سکون و راحت ملی۔