سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، انہوں نے کہا: ہم نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک مجلس میں شمار کرتے آپ صلی اللہ علیہ وسلم یہ دعا سو مرتبہ پڑھتے: «رَبِّ اغْفِرْ لِي ......»”اے میرے رب! مجھے بخش دے اور میری توبہ قبول فرما، بےشک تو ہی بہت توبہ قبول کرنے والا، بےحد رحم کرنے والا ہے۔“[الادب المفرد/كِتَابُ/حدیث: 618]
تخریج الحدیث: «صحيح: أخرجه أبوداؤد، كتاب الوتر، باب فى الاستغفار: 7516 و الترمذي: 3434 و النسائي فى الكبرىٰ: 10219 و ابن ماجه: 3814 - انظر الصحيحة: 556»
الشيخ الحديث مولانا عثمان منيب حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، الادب المفرد: 618
فوائد ومسائل: (۱)بندے کا استغفار کرنا اللہ تعالیٰ کو بہت پسند ہے۔ اللہ تعالیٰ بندوں کے استغفار پر اپنے فرشتوں کے سامنے فخر کرتا ہے، اس لیے انسان کو چاہیے کہ ہر وقت اللہ تعالیٰ سے معافي مانگتا رہے۔ (۲) انبیاء علیہم السلام معصوم ہوتے ہیں اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی اللہ تعالیٰ نے خصوصی طور پر اگلی پچھلی خطاؤں کو معاف کر دیا ہے، اس کے باوجود کثرت سے آپ کا استغفار کرنا اظہار عبودیت اور عجز و انکسار کا اعتراف ہے، نیز امت کے لیے اس میں ترغیب ہے۔
فضل اللہ الاحد اردو شرح الادب المفرد، حدیث/صفحہ نمبر: 618