سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”قیامت اس وقت تک قائم نہیں ہو گی یہاں تک کہ لوگ عمارتیں بنانے میں ایک دوسرے سے مقابلہ بازی کریں۔“[الادب المفرد/كِتَابُ السَّرَفِ فِي الْبِنَاءِ/حدیث: 449]
تخریج الحدیث: «صحيح: أخرجه البخاري، كتاب الفتن: 7121 - انظر الإرواء: 3/32/1»
الشيخ الحديث مولانا عثمان منيب حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، الادب المفرد: 449
فوائد ومسائل: (۱)وقت کے تقاضوں کے مطابق ضرورت کے لیے عمارت بنانا جائز ہے لیکن اس میں اسراف اور ایک دوسرے سے مقابلہ ناجائز ہے۔ سر چھپانے کے لیے اچھا مکان بنانا قابل مذمت نہیں۔ مذموم بے جا محلات اور کوٹھیاں ہیں، جیسے لوگ ہر بڑے شہر میں کوٹھی بنانا قابل فخر سمجھتے ہیں۔ مٹی پر پیسہ ضائع کرنے کے بجائے اسے کسی نیکی کے مصرف میں لانا چاہیے۔ (۲) حدیث جبرائیل میں بھی عمارتوں میں مقابلہ بازی کو قیامت کی علامت قرار دیا گیا ہے۔ گویا یہ وبا عام ہو جائے گی۔ آج اگر ہم اپنے آس پاس نظر دوڑائیں تو یہی صورت حال دکھائی دیتی ہے۔
فضل اللہ الاحد اردو شرح الادب المفرد، حدیث/صفحہ نمبر: 449