حضرت رجاء رحمہ اللہ سے روایت ہے کہ میں ایک دن سیدنا محجن اسلمی رضی اللہ عنہ کے ساتھ اہل بصرہ کی مسجد میں آیا تو وہاں ایک دروازے پر سیدنا بریدہ اسلمی رضی اللہ عنہ تشریف فرما تھے۔ رجاء کہتے ہیں کہ مسجد میں ایک آدمی تھا جسے سکبہ کہا جاتا تھا، جو بہت لمبی نماز پڑھتا تھا۔ جب ہم مسجد کے دروازے پر پہنچے تو سیدنا بریدہ رضی اللہ عنہ چادر اوڑھے تشریف فرما تھے اور ان کے مزاج میں مزاح اور دل لگی تھی، چنانچہ انہوں نے کہا: اے محجن! کیا تم سکبہ کی طرح نماز پڑھو گے؟ یہ سن کر سیدنا محجن رضی اللہ عنہ نے کوئی جواب نہ دیا اور واپس آ گئے، پھر سیدنا محجن رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ ایک دفعہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے میرا ہاتھ پکڑا اور ہم چلتے رہے یہاں تک کہ احد پہاڑ پر چڑھ گئے۔ وہاں سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو مدینہ طیبہ نظر آیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کی طرف رخ کر کے فرمایا: ”اس بستی کا برا حال ہو گا جب اس کے رہنے والے اسے اس وقت چھوڑ دیں گے جب یہ خوب آباد ہو گی، اس کے پاس دجال آئے گا، وہ اس کے ہر دروازے پر ایک فرشتہ پائے گا، لہٰذا دجال اس میں داخل نہ ہو گا۔“ اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم پہاڑ سے اتر آئے یہاں تک کہ جب ہم مسجد میں آ گئے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک شخص کو دیکھا، وہ نماز پڑھ رہا ہے اور رکوع سجدہ بھی کر رہا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے فرمایا: ”یہ کون ہے؟“ میں خوب بڑھا چڑھا کر اس کی تعریف کرنے لگا۔ میں نے کہا: اے اللہ کے رسول! یہ فلاں ہے، فلاں ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ٹھہر جاؤ، اس کو نہ سناؤ ورنہ اسے ہلاک کر دو گے۔“ اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم چلتے رہے یہاں تک کہ حجروں کے پاس پہنچے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے ہاتھ جھاڑے، پھر فرمایا: ”تمہارے دین کا سب سے بہتر عمل وہ ہے جو آسان تر ہو۔ تمہارے دین کا سب سے بہتر عمل وہ ہے جو آسان تر ہو۔“ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تین بار فرمایا۔ [الادب المفرد/كِتَابُ/حدیث: 341]
تخریج الحدیث: «حسن: أخرجه أحمد: 18976 و الطيالسي: 1391 و ابن أبى شيبة: 596 و الطبراني فى الكبير: 297/20 - انظر الصحيحة: 1635»
الشيخ الحديث مولانا عثمان منيب حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، الادب المفرد: 341
فوائد ومسائل: (۱)اس حدیث میں کسی کی بڑھا چڑھا کر تعریف کرنے سے منع کیا گیا ہے، خصوصاً جب وہ شخص سن رہا ہو جس کی تعریف کی جائے کیونکہ اس طرح کرنے سے اس کے فتنے میں پڑنے کا ڈر ہے جسے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہلاکت سے تعبیر فرمایا ہے۔ (۲) محجن رضی اللہ عنہ کے واقعہ سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے سکبہ یا سکینہ کا اس طرح نماز پڑھنا ناپسند فرمایا اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان بطور دلیل پیش کیا کہ آپ نے میانہ روی اختیار کرنے کا حکم دیا اور اس طرح کے تشدد سے منع فرمایا کیونکہ انسان اس طرح زیادہ عرصہ عمل کو جاری نہیں رکھ سکتا اور بالآخر ضروری فرض کو بھی ترک کر دیتا ہے۔ اس لیے ایسی شدت پسندی کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔
فضل اللہ الاحد اردو شرح الادب المفرد، حدیث/صفحہ نمبر: 341