سیدنا معاذ (جہنی) رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس شخص نے اپنے والدین سے حسن سلوک کیا اس کے لیے خوشخبری ہے۔ اللہ تعالیٰ اس کی عمر بڑھا دیتا ہے۔“[الادب المفرد/كِتَابُ الْوَالِدَيْنِ/حدیث: 22]
تخریج الحدیث: «ضعيف: أخرجه ابن وهب فى الجامع: 111 و الحاكم: 154/4 و أبويعلي: 1494 و الطبراني فى الكبير: 198/2»
الشيخ الحديث مولانا عثمان منيب حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، الادب المفرد: 22
فوائد ومسائل: (۱)یہ روایت ضعیف ہے۔ شیخ البانی رحمہ اللہ نے ضعیف ادب المفرد حدیث: ۳ اور سلسلة احادیث الضعیفة (۴۵۶۷)میں اس کے ضعف کی صراحت کی ہے۔ (۲) یہ حدیث گو ضعیف ہے، تاہم دوسری صحیح احادیث میں اس امر کی صراحت موجود ہے کہ صلہ رحمی سے عمر بڑھ جاتی ہے خواہ وہ والدین کے علاوہ کسی اور عزیز و اقارب ہی سے کیوں نہ ہو۔ جیسا کہ حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ((مَنْ أَحَبَّ أَنْ یُبْسَطَ لَهُ فِی رِزْقِهٖ وَیُنْسَأ لَهُ فِی أثَرِهٖ فَلْیَصِلْ رَحِمَهُ))(بخاري و مسلم، الترغیب: ۲۵۱۹) ”جو شخص پسند کرتا ہے کہ اس کے رزق میں فراخی ہو، اور اس کی عمر لمبی ہو اسے چاہیے کہ صلہ رحمی کرے۔“ جب مطلق صلہ رحمی عمر میں اضافے کا باعث ہے تو والدین کے ساتھ صلہ رحمی بطریق اولیٰ عمر میں اضافے کا باعث ہوگی۔
فضل اللہ الاحد اردو شرح الادب المفرد، حدیث/صفحہ نمبر: 22