سیدہ فاطمہ بنت قیس رضی اللہ عنہا نے بیان کیا: میرے شوہر نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں مجھے تینوں طلاقیں دے دیں، پس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئی تو آپ نے میرے لیے نہ رہائش مقرر فرمائی نہ خرچ، مغیرہ نے بیان کیا: میں ابراہیم کے پاس آیا، تو ان سے اس کا ذکر کیا، تو انہوں نے کہا: وہ رہائش و خرچ کی حقدار ہے، میں نے انہیں شعبی کا قول بیان کیا، انہوں نے کہا: سیدنا عمر رضی اللہ عنہ اس (مطلقہ) کے لیے یہ مقرر فرماتے تھے، عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا: ہم ایک عورت کے قول کی وجہ سے اپنے رب کی کتاب اور اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت نہیں چھوڑ سکتے، معلوم نہیں، ہو سکتا ہے کہ اس (عورت) نے یاد رکھا یا بھول گئی۔ [مسند اسحاق بن راهويه/كتاب النكاح و الطلاق/حدیث: 623]
تخریج الحدیث: «مسلم، كتاب الطلاق، باب المطلقة ثلاثا لا نفقة لها، رقم: 46/148 . سنن ترمذي، ابواب الطلاق، باب ماجاء فى المطلقة ثلاثا لا سكني لها، رقم: 1180 . سنن نسائي، رقم: 3548 . سنن ابن ماجه، رقم: 2036 . مسند احمد: 416/6 .»
مسند اسحاق بن راہویہ کی حدیث نمبر 623 کے فوائد و مسائل
الشيخ حافظ عبدالشكور ترمذي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث مسند اسحاق بن راهويه 623
فوائد: مذکورہ حدیث سے معلوم ہوا طلاق بائن یعنی تیسری طلاق دینے کے بعد عورت کو خرچ اور رہائش دینے کا مرد حق دار نہیں ہوتا۔ امام احمد اور امام اسحاق ; اسی کے قائل ہیں۔ جمہور علماء نے کہا ہے کہ اس کے لیے خرچہ نہیں، البتہ رہائش واجب ہے۔ امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ نے کہا ہے کہ اس کے لیے رہائش اور خرچہ دونوں واجب ہیں۔ (فتح الباري: 10؍ 602۔ نیل الاوطار: 4؍ 404) امام احمد رحمہ اللہ کا قول ہی راجح ہے۔ سعودی مستقل فتویٰ کمیٹی کا بھی یہی فتویٰ ہے۔ (دیکھئے: فتاویٰ اللجنة الدائمة للبحوث العلمیة والافتاء: 20؍ 227) سیّدنا عمر رضی اللہ عنہ کا یہ موقف تھا کہ طلاق بائنہ کے بعد بھی مرد کے ذمے رہائش اور خرچ ہے۔ اور سیّدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کا بھی یہ ہی موقف تھا۔ (دیکھئے: حدیث نمبر: 694) اور ان کی دلیل سورۂ طلاق کی آیت نمبر 1 ﴿لَا تُخْرِجُوْهُنَّ مِنْ بُیُوتِهِنَّ وَلَا یَخْرُجْنَ اِلَّا اَنْ یَّاْتِیْنَ بِفَاحِشَةٍ مُبَیِّنَةٍ﴾ جب سیّدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا تک بات پہنچی تو انہوں نے کہا کہ اس آیت کی وضاحت آیت کے اس حصے سے ہوتی ہے: ﴿لَعَلَّ اللّٰهَ یُحْدِثُ بَعْدَ ذٰلِكَ اَمْرًا﴾ مزید دیکھئے شرح حدیث نمبر: 698۔ لیکن اگر عورت حاملہ ہے تب خرچ مرد پر لازمی ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے: ﴿وَاِِنْ کُنَّ اُولَاتِ حَمْلٍ فَاَنْفِقُوْا عَلَیْهِنَّ حَتّٰی یَضَعْنَ حَمْلَهُنَّ﴾(الطلاق:6)”اگر وہ حمل سے ہوں تو بچہ پیدا ہونے تک انہیں خرچ دیتے رہو۔“