وعن عامر بن عبد الله بن الزبير، عن أبيه رضي الله عنهم: أن رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم قال:«أعلنوا النكاح» . رواه أحمد وصححه الحاكم.
سیدنا عامر بن عبداللہ بن زبیر رحمہ اللہ سے روایت ہے، انہوں نے اپنے والد سے بیان کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ”نکاح کا اعلان کرو۔“ اسے احمد نے روایت کیا ہے اور حاکم نے اسے صحیح کہا ہے۔ [بلوغ المرام/كتاب النكاح/حدیث: 834]
تشریح: اس حدیث سے معلوم ہوا کہ نکاح علی الاعلان کیا جانا چاہیے‘ خفیہ اور چھپے طور پر نہیں‘ اس لیے کہ یوں میاں بیوی کے تعلقات پر کسی کو انگشت نمائی کرنے کا موقع نہیں ملتا۔ راوئ حدیث: «حضرت عامر بن عبداللہ رحمہ اللہ» عامر بن عبداللہ بن زبیر بن عوام اسدی قریشی مدنی۔ اپنے والد اور دیگر حضرات سے احادیث سنی ہیں۔ بڑے عبادت گزار اور مشہور ثقہ تابعین میں سے ہیں۔ ۱۲۴ ہجری میں وفات پائی۔
بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 834