تخریج: «أخرجه البخاري، المغازي، باب غزوة ذات الرقاع، حديث:4131، ومسلم، صلاة المسافرين، باب صلاة الخوف، حديث:841.»
تشریح:
1. نماز خوف کئی طریقوں سے پڑھی گئی ہے۔
جیسا موقع محل ہوتا تھا اس کی مناسبت سے نماز ادا کی جاتی۔
مذکورہ بالا حدیث میں جو صورت ذکر ہوئی ہے وہ یہ ہے کہ امام نے ہر ایک گروہ کو ایک ایک رکعت پڑھائی اور ایک ایک رکعت انھوں نے اپنے طور پر پڑھی۔
پہلے گروہ نے تو خود سلام پھیرا مگر دوسرے گروہ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ۔
2. امام ابوحنیفہ‘ امام شافعی‘ امام احمد رحمہم اللہ اور جمہور کے نزدیک خوف کی صورت میں سفر و حضر دونوں میں نماز خوف پڑھنا جائز ہے۔
امام مالک رحمہ اللہ نماز خوف کے لیے سفر کی شرط لگاتے ہیں۔
3.قرآن مجید سے معلوم ہوتا ہے کہ آیت:
﴿ اِذَا ضَرَبْتُمْ فِی الْاَرْضِ… ﴾ الآیۃ
(النسآء ۴:۱۰۱) میں دو شرطیں ہیں: ایک سفر اور دوسری خوفِ دشمن۔
مگر جمہور کا مسلک یہ ہے کہ نماز خوف اور نماز قصر دونوں الگ الگ نمازیں ہیں۔
سفر میں قصر کے لیے خوف دشمن کی شرط نہیں اور نماز خوف کے لیے سفر کی شرط نہیں۔
دونوں نمازوں کے ساتھ کوئی شرط لگانا بے معنی ہے۔
راویٔ حدیث: «حضرت صالح بن خَوَّات رحمہ اللہ» صالح بن خوات بن جبیر بن نعمان انصاری مدنی۔
”خا
“ پر فتحہ اور
”واو
“ پر فتحہ اور تشدید ہے۔
مشہور و معروف تابعین میں سے ہیں۔
بہت سے صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم سے حدیث سنی ہے۔
«حضرت خَوَّات رضی اللہ عنہ» جلیل القدر صحابی ہیں۔
پہلا غزوہ جس میں یہ شریک ہوئے غزوۂ احد ہے۔
اور ایک قول کے مطابق غزوۂ بدر میں بھی شریک تھے۔
۴۰ ہجری میں مدینہ منورہ میں وفات پائی۔
اور ایک قول یہ بھی ہے کہ ۴۰ ہجری کے بعد فوت ہوئے ہیں۔
اس وقت ان کی عمر ۷۰ یا ۷۱ سال تھی۔