الحمدللہ ! احادیث کتب الستہ آف لائن ایپ ریلیز کر دی گئی ہے۔    

1- حدیث نمبر سے حدیث تلاش کیجئے:


بلوغ المرام
كتاب الصلاة
نماز کے احکام
5. باب الحث على الخشوع في الصلاة
5. نماز میں خشوع و خضوع کی ترغیب کا بیان
حدیث نمبر: 191
وعن أنس قال: قال رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم: «‏‏‏‏إذا كان أحدكم في الصلاة فإنه يناجي ربه فلا يبصقن بين يديه ولا عن يمينه،‏‏‏‏ ولكن عن شماله تحت قدمه» .‏‏‏‏ متفق عليه. وفي رواية: «‏‏‏‏أو تحت قدمه» .
سیدنا انس رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جب تم میں سے کوئی نماز میں ہوتا ہے تو وہ اپنے پروردگار سے باتیں کر رہا ہوتا ہے (لہذا ایسی حالت میں) اپنے سامنے کی طرف اور دائیں جانب نہ تھوکے بلکہ اپنی بائیں جانب پاؤں کے نیچے (تھوکے)۔ (بخاری و مسلم) اور ایک روایت میں ہے کہ بائیں طرف یا اپنے پاؤں کے نیچے۔ [بلوغ المرام/كتاب الصلاة/حدیث: 191]
تخریج الحدیث: «أخرجه البخاري، الصلاة، باب ليبصق عن يساره أو تحت قدمه اليسرٰي، حديث:413، ومسلم، المساجد، باب النهي عن البصاق في المسجد...، حديث:551.»

   صحيح البخاريإذا قام في صلاته فإنما يناجي ربه أو ربه بينه وبين قبلته لا يبزقن في قبلته ولكن عن يساره أو تحت قدمه ثم أخذ طرف ردائه فبزق فيه ورد بعضه على بعض قال أو يفعل هكذا
   صحيح البخاريأحدكم إذا صلى يناجي ربه لا يتفلن عن يمينه لكن تحت قدمه اليسرى
   صحيح البخاريأحدكم إذا قام في صلاته فإنه يناجي ربه أو إن ربه بينه وبين القبلة لا يبزقن أحدكم قبل قبلته لكن عن يساره أو تحت قدميه ثم أخذ طرف ردائه فبصق فيه ثم رد بعضه على بعض فقال أو يفعل هكذا
   صحيح البخاريلا يتفلن أحدكم بين يديه ولا عن يمينه ولكن عن يساره أو تحت رجله
   صحيح البخاريإذا كان في الصلاة فإنما يناجي ربه لا يبزقن بين يديه ولا عن يمينه ولكن عن يساره أو تحت قدمه
   صحيح البخاريإذا كان في الصلاة فإنه يناجي ربه لا يبزقن بين يديه ولا عن يمينه ولكن عن شماله تحت قدمه اليسرى
   صحيح مسلمإذا كان أحدكم في الصلاة فإنه يناجي ربه لا يبزقن بين يديه ولا عن يمينه ولكن عن شماله تحت قدمه
   سنن النسائى الصغرىأخذ طرف ردائه فبصق فيه فرد بعضه على بعض
   سنن النسائى الصغرىنخامة في قبلة المسجد فغضب حتى احمر وجهه فقامت امرأة من الأنصار فحكتها وجعلت مكانها خلوقا فقال رسول الله ما أحسن هذا
   سنن ابن ماجهرأى نخامة في قبلة المسجد فغضب حتى احمر وجهه جاءته امرأة من الأنصار فحكتها وجعلت مكانها خلوقا فقال رسول الله ما أحسن هذا
   بلوغ المرام‏‏‏‏إذا كان احدكم في الصلاة فإنه يناجي ربه فلا يبصقن بين يديه ولا عن يمينه،‏‏‏‏ ولكن عن شماله تحت قدمه
   مسندالحميديأيحب أحدكم أن يبصق في وجهه

بلوغ المرام کی حدیث نمبر 191 کے فوائد و مسائل
  علامه صفي الرحمن مبارك پوري رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 191  
لغوی تشریح:
«يُنَاجِي» مناجاۃ سے ماخوذ ہے۔ خفیہ طور پر گفتگو اور بات چیت کرنے کو کہتے ہیں۔ مراد اس سے یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنی رحمت کے ساتھ بندے کی طرف توجہ فرماتا ہے۔
«فَلَا يَبْصُقَنَّ» لہٰذا نہ تھوکے۔ یہ ممانعت تھوک اور منہ کے دیگر فضلوں کو شامل ہے۔
«وَلَا عَنْ يَّمِينِهِ» دائیں جانب تھوکنے کی ممانعت کا سبب دائیں جانب کی تعظیم و تکریم ہے اور بعض کے نزدیک اس کی وجہ فرشتے کا دائیں جانب ہونا ہے۔

فوائد و مسائل:
➊ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ نماز کے دوران میں تھوک یا بلغم آ جائے تو سامنے اور دائیں جانب تھوکنے سے اجتناب کرنا چاہیے۔
➋ اگر نمازی مسجد میں ہو اور یہ ضرورت پیش آ جائے تو کسی رومال یا کپڑے وغیرہ پر لے کر اسے مل دینا چاہیے۔ اگر کوئی چیز اس وقت دستیاب نہ ہو تو پھر تھوک وغیرہ اپنی بائیں جانب پاؤں کے نیچے پھینک دے۔ اور یہ اسی صورت میں ممکن ہو گا جب مسجد میں قالین وغیرہ نہ ہو۔
➌ یہ حکم گویا اس وقت کے لیے ہے جب فرش کچا ہو۔ آج کل عام طور پر صورت حال اس سے مختلف ہے۔ بہرحال نماز میں قبلہ رو تھوکنا نہیں چاہیے بلکہ عام حالت میں بھی اجتناب کرنا چاہیے۔ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور تابعین رحمہ اللہ علیہم نماز سے باہر بھی اس کا اہتمام کرتے تھے۔ ادب و احترام اور پاکیزگی کا یہی تقاضہ ہے۔
➍ سنن ابوداؤد وغیرہ میں ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک امام کو نماز کے دوران قبلہ رخ تھوکنے کی وجہ سے منصب امامت سے معزول فرما دیا تھا۔ [سنن ابي داؤد، الصلاة، باب فى كراهية البزاق فى المسجد، حديث:481]
   بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 191   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث 309  
´کپڑے میں تھوک لگ جانے کا بیان۔`
انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی چادر کا کنارہ پکڑا، اس میں تھوکا، اور اسے مل دیا ۱؎۔ [سنن نسائي/ذكر ما يوجب الغسل وما لا يوجبه/حدیث: 309]
309۔ اردو حاشیہ:
➊ باب کا مقصد یہ ہے کہ تھوک پاک ہے۔ ایک شاذ قول ہے کہ تھوک منہ سے نکلنے کے بعد پلید ہو جاتا ہے مگر یہ بلادلیل ہے۔
➋ کپڑے میں تھوک کر کپڑے کو آپس میں مل لینا مجلس میں تھوکنے کا مہذب طریقہ ہے۔ گندگی نہیں پھیلتی اور آدمی گنوار نہیں لگتا۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 309   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث 729  
´مساجد کو خوشبو میں بسانے کا بیان۔`
انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مسجد کے قبلہ میں بلغم دیکھا تو غضبناک ہو گئے یہاں تک کہ آپ کا چہرہ مبارک سرخ ہو گیا، انصار کی ایک عورت نے اٹھ کر اسے کھرچ کر صاف کر دیا، اور اس جگہ پر خلوق خوشبو مل دی، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اس نے کیا ہی اچھا کیا۔‏‏‏‏ [سنن نسائي/كتاب المساجد/حدیث: 729]
729 ۔ اردو حاشیہ:
➊ مذکورہ روایت کو محقق کتاب نے سنداً ضعیف قرار دیا ہے جبکہ دیگر محققین میں سے بعض نے اسے صحیح اور بعض نے حسن قرار دیا ہے اور انھی کی رائے اقرب الی الصواب معلوم ہوتی ہے کیونکہ دیگر صحیح روایات سے بھی اس کی تائید ہوتی ہے۔ مزید برآں یہ کہ دیگر روایات میں مذکور مضمون کی اس روایت سے تردید یا مخالفت بھی نہیں ہوتی، لہٰذا مذکورہ روایت قابل عمل ہے۔ مزید دیکھیے: [سلسلة الأحادیث الصحیحة للألباني: 120/7، حدیث: 3050، و سنن ابن ماجه بتحقیق الدکتور بشار عواد، حدیث: 762]
➋ مسجد میں گند لگا ہو تو اسے کھرچ کر یا صاف کر کے خوشبو لگا دینا اچھا عمل ہے۔ خلوق ایک رنگ دار خوشبو ہے جسے عورتیں استعمال کرتی ہیں کیونکہ مرد کے لیے رنگ دار خوشبو کا استعمال منع ہے، البتہ مسجد کو یہ خوشبو لگانا جائز ہے۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 729   

  مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث762  
´مسجد میں تھوکنے اور ناک جھاڑنے کی کراہت کا بیان۔`
انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے مسجد کی دیوار قبلہ پر بلغم دیکھا، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم سخت غصہ ہوئے یہاں تک کہ آپ کا چہرہ مبارک سرخ ہو گیا، اتنے میں قبیلہ انصار کی ایک عورت آئی اور اس نے اسے کھرچ دیا، اور اس کی جگہ خوشبو لگا دی، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: یہ کتنا اچھا کام ہے ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب المساجد والجماعات/حدیث: 762]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
غلط کام دیکھ کر ناراضی کا اظہار کرنا جائز ہے۔

(2)
بعض اوقات چہرے کے تاثرات ہی تنبیہ کے لیے کافی ہوتے ہیں۔

(3)
اچھا کام کرنے والے کی تعریف کرنا جائز ہے تاکہ دوسروں کی توجہ اس اچھائی کی طرف ہو اور وہ بھی اس طرح اچھے کام کرنے کی کوشش کریں اور اس شخص کی حوصلہ افزائی ہو۔

(4)
انعام اور سزا تربیت کا ایک اصول ہے اگرچہ وہ صرف چند الفاظ کی صورت میں ہو یا موقع کی مناسبت سے کسی اور انداز میں۔

(5)
سردار، افسر، استاد یا بزرگ کا اپنے ماتحت زیردست شاگرد یا ملازم کے اچھے کام کی تعریف کرنا اس خوشامد میں شامل نہیں جو ایک بری عادت ہے نہ منہ پر تعریف کرنے کی اس صورت میں شامل ہے جو شرعاً ممنوع ہے۔

(6)
بعض محققین نے اس حدیث کو حسن یا صحیح کہا ہے۔ دیکھیے: (الصحيحة رقم: 3050)
   سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 762   

  الشيخ محمد ابراهيم بن بشير حفظ الله، فوائد و مسائل، مسند الحميدي، تحت الحديث:1253  
1253- سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے مسجد میں قبلہ کی سمت میں بلغم لگا ہوا دیکھا تو اسے کھرچ دیا آپ صلی اللہ علیہ وسلم غصے کے عالم میں لوگوں کی طرف متوجہ ہوئے اور یہ ارشاد فرمایا: کیا کوئی شخص اس بات کو پسند کرتا ہے کہ اس کے چہرے کی طرف تھوک دیا جائے؟ جب بندہ نماز کے دوران کھڑا ہوتا ہے، تووہ اپنے پروردگار کے سامنے ہوتا ہے اس لیے کوئی شخص اپنے دائیں طرف یا سامنے کی طرف نہ تھوکے، بلکہ اپنے بائیں طرف یا اپنے بائیں پاؤں کے نیچے تھوکے، اگر اسے زیادہ جلدی اور تیزی میں تھوک آرہا ہو تو، پھر وہ اسے کپڑے میں تھوک کر اس کو اس طرح مل دے۔‏‏‏‏ حمیدی۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:1253]
فائدہ:
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ مسجد میں ہر وہ چیز جو بری لگے، وہ نہیں ہونی چاہیے، اور بلغم ناپاک نہیں ہے، نماز میں تھوکنے کا طریقہ بیان ہوا ہے۔
   مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 1251   

  الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 1230  
حضرت انس بن مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی نماز پڑھتا ہے تو وہ اپنے رب سے راز و نیاز کی گفتگو کرتا ہے، اس لیے وہ اپنے سامنے یا دائیں طرف نہ تھوکے، ہاں بائیں طرف پاؤں کے نیچے تھوک لے۔ [صحيح مسلم، حديث نمبر:1230]
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:
اس حدیث سے ثابت ہوتا ہے کہ نماز درحقیقت ایک طرح سے اللہ تعالیٰ سے سرگوشی اور راز و نیاز کی بات ہے اس لیے انسان کو نماز پورے حضور دل اور خشوع وخضوع کےساتھ پوری توجہ اور اہتمام سے قراءت اور تسبیحات وتمجیدات اور دوسرے اذکار پڑھنے چاہئیں اور نماز میں کوئی ایسی حرکت نہیں کرنی چاہیے جس سے انسان کی توجہ اور حضور دل ودماغ میں خلل پڑے اور نماز میں اگر تھوکنے کی ضرورت پیش آ جائے تو وہ بائیں قدم کے نیچے تھوک لے۔
   تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 1230   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:405  
405. حضرت انس ؓ سے روایت ہے، نبی ﷺ نے ایک دفعہ قبلے کی جانب کچھ تھوک دیکھا تو آپ کو سخت ناگواری ہوئی حتی کہ اس کے اثرات آپکے چہرہ انور پر دیکھے گئے۔ آپ (خود) کھڑے ہوئے اور اپنے دست مبارک سے صاف کر کے فرمایا:تم میں سے جب کوئی اپنی نماز میں کھڑا ہوتا ہے تو گویا وہ اپنے رب سے مناجات کرتا ہے اور اس کا رب اس کے اور قبلے کے درمیان ہوتا ہے، لہذا تم میں سے کوئی (بحالت نماز) اپنے قبلے کی طرف نہ تھوکے بلکہ بائیں جانب یا اپنے قدم کے نیچے تھوکے۔پھر آپ ﷺ نے اپنی چادر کے گوشے میں تھوکا اور اسے الٹ پلٹ کیا، اور فرمایا:اس طرح بھی کر سکتا ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:405]
حدیث حاشیہ:

اس باب کی روایات میں تین چیزوں کو باعث نفرت قراردیاگیا ہے:
نخامہ:
سینے کا بلغم۔
مخاط:
ناک سے بہنے والی رطوبت۔
بصاق:
منہ کاتھوک۔
مسجد کے معاملے میں ان تینوں کاحکم یکساں ہے کہ یہ چیزیں جہاں کہیں نظر آئیں انھیں فوراً زائل کردیا جائے۔
احترام مسجد کا تقاضاہے کہ مسجد کے خادم یا موذن کاانتظار کیے بغیر ہردیکھنے والا اسے دور کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے۔

اس حدیث سے معلوم ہوا کہ قبلے کی طرف منہ کرکے تھوکنا حرام ہے، اگرچہ مسجد سے باہر ہی کیوں نہ ہو۔
اس کی سنگینی حدیث میں بایں الفاظ بیان کی گئی ہے۔
کہ جو شخص قبلے کی طرف تھوکتا ہے قیامت کے دن جب یہ شخص اللہ کے حضور پیش ہوگا تو اس کا تھوک اس کی دونوں آنکھوں کے درمیان ہوگا۔
(سنن أبي داود، الأطعمة، حدیث: 3824)
ایک روایت میں ہے کہ قبلے کی طرف منہ کرکے تھوکنے والے کو جب قیامت کے دن اٹھایا جائے گا تو اس کاتھوک اس کے چہرے پر ہوگا۔
(صحیح ابن خذیمة: 278/2، حدیث: 1313)
حضرت سائب بن خلاد بیان کرتے ہیں کہ ایک امام مسجد نے دوران نماز میں قبلے کی جانب منہ کرکے تھوک دیا تو رسول اللہ ﷺ نے اسے امامت سے معزول کرکے فرمایا:
تو نے اللہ اور اس کےرسول ﷺ کو ایذادی ہے۔
(سنن أبي داود، الصلاة، حدیث: 481)

دوسری روایت میں سامنے نہ تھوکنے کی یہ وجہ بیان کی گئی ہے کہ اللہ تعالیٰ کی ذات اقدس اس کے سامنے ہوتی ہے۔
(صحیح البخاري، حدیث: 406)
اس سے قبلے کی عظمت معلوم ہوتی ہے، نیز اس کی تاویل کی کوئی ضرورت نہیں۔
اگرچہ اس حدیث کے پیش نظر معتزلہ کہتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہر جگہ حاضر وناضر ہے۔
یہ ان کی کھلی جہالت ہے، کیونکہ اگرایسا ہوتاتو بائیں جانب یا پاؤں تلے تھوکنا بھی منع ہوتا۔
(فتح الباري: 658/1)
حافظ ابن حجر ؒ نے لکھا ہے کہ اس حدیث سے ان لوگوں کی بھی تردید ہوتی ہے جو کہتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ اپنی ذات کے اعتبار سے عرش پر ہے، لیکن حافظ صاحب ؒ کی جلالت قدر کے باوجود ان کے اس موقف سے اتفاق نہیں کیا جاسکتا، کیونکہ متعدد آیات اور بکثرت احادیث اس امر کے متعلق قطعی ہیں کہ اللہ تعالیٰ اپنی ذات کے اعتبار سے مستوی علی العرش ہے۔
تمام ائمہ سنت کا اتفاق ہے کہ اللہ تعالیٰ عرش معلیٰ پر مستوی ہے اور ہرجگہ اس کی معیت سے مراد اس کی قدرت کاملہ اور وسیع علم ہے۔
بعض اہل علم کا موقف ہے کہ قدرت اور علم اللہ تعالیٰ کی دوالگ الگ صفات ہیں۔
معیت سے قدرت کاملہ اور وسیع علم مرادلینا بھی ایک قسم کی تاویل ہے جس کی ممانعت ہے، لہذا معیت کو بھی اپنے معنی میں ہی رکھا جائےاور یہ موقف اختیار کیاجائے کہ اللہ تعالیٰ اپنی شان کے مطابق ہر ایک کے ساتھ ہے۔
یہ موقف بھی وزنی اور خاصا محتاط ہے۔
اللہ تعالیٰ کے اسماء اور اس کی صفات کے متعلق مکمل بحث آئندہ کتاب التوحید میں آئے گی۔
بإذن اللہ تعالیٰ۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 405   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:412  
412. حضرت انس ؓ سے روایت ہے، انھوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: تم میں سے کوئی اپنے سامنے یا اپنی دائیں جانب نہ تھوکے بلکہ اسے بائیں جانب یا بائیں پاؤں تلے تھوکنا چاہئے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:412]
حدیث حاشیہ:
قاضی عیاض ؒ نے صراحت کی ہے کہ نماز میں دائیں جانب تھوکنے کی ممانعت بھی اس وقت ہے جبکہ کوئی دوسری صورت ممکن ہو اور اگر مجبوری ہو تو دائیں جانب بھی تھوکا جا سکتا ہے۔
حافظ ابن حجر ؒ لکھتے ہیں کہ کپڑے کے موجود ہونےکی صورت میں کوئی مجبوری نہیں ہو سکتی، کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے ہماری رہنمائی فرمائی ہے کہ ایسی صورت میں کپڑے میں تھوک کر اسے مسل دیا جائے۔
علامہ خطابی ؒ کہتے ہیں کہ اگر بائیں جانب کوئی نماز پڑھ رہا ہو تو پھر پاؤں کے نیچے یا اپنے کپڑے میں تھوکنا متعین ہے، جیسا کہ ابو داؤد کی ایک روایت میں ہے اگر بائیں جانب کوئی دوسرا نمازی ہو تو پاؤں کے نیچے تھوک کر اسے مسل دیا جائے۔
(سنن أبي داود، الصلاة، حدیث: 478)
اور اگر پاؤں کے نیچے کوئی قالین یا صف وغیرہ بچھی ہوتو پھر کپڑے ہی میں تھوک لینا چاہیے، اگر کپڑا بھی موجود نہ ہو توایسی صورت میں اس کا نگل لینا ہی امر ممنوع کے ارتکاب سے اولیٰ معلوم ہوتا ہے۔
(فتح الباری: 661/1)
واللہ أعلم۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 412   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:413  
413. حضرت انس بن مالک ؓ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: "جب مومن نماز میں ہوتا ہے تو وہ اپنے رب سے راز و نیاز میں مصروف ہوتا ہے، اس لیے اسے اپنے سامنے یا اپنی دائیں جانب نہیں تھوکنا چاہئے بلکہ اپنی بائیں جانب یا اپنے قدم تلے تھوکنا چاہئے۔" [صحيح بخاري، حديث نمبر:413]
حدیث حاشیہ:
دوران نماز میں دائیں جانب نہ تھوکنے کی وجہ دائیں جانب کے فرشتے کی عزت و تکریم ہے جو غالباً نماز کے وقت خصوصی طور اس جانب مقرر ہوتا ہے۔ w
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 413   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:417  
417. حضرت انس بن مالک ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے قبلے کی سمت ناک کی رطوبت لگی ہوئی دیکھی تو آپ نے اسے اپنے ہاتھ سے صاف کر دیا اور اس کی ناگواری آپ کے چہرے سے ظاہر ہوئی یا اس وجہ سے آپ کی ناگواری اور اس کی گرانی معلوم ہوئی۔ آپ نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی نماز کے لیے کھڑا ہوتا ہے تو وہ اپنے رب سے راز و نیاز کی باتیں کرتا ہے یا (فرمایا کہ) اس کا پروردگار اس کے اور قبلے کے درمیان ہوتا ہے، لہذا وہ اپنے قبلے کی جانب نہ تھوکے بلکہ وہ اپنی بائیں جانب یا اپنے پاؤں کے نیچے تھوکے۔ اس کے بعد آپ نے اپنی چادر کا کنارہ لیا اور اس میں تھوکا۔ پھر آپ نے اس کے ایک حصے کو دوسرے حصے پرمل دیا اور فرمایا:اس طرح بھی کر سکتا ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:417]
حدیث حاشیہ:

دوران نماز میں اگر تھوکنے کی ضرورت پیش آجائے تو دو صورتیں پہلے بیان ہو چکی ہیں۔
ایک بائیں جانب اور دوسری بائیں پاؤں کے نیچے۔
اس کے آداب و شرائط بھی بیان ہو چکے ہیں، ایک تیسری صورت کو اس حدیث میں بیان کیا گیا ہے، کہ اپنے کپڑے میں تھوک کر اسے مل دینا چاہیے مگر اس تیسری صورت کو امام بخاری ؒ نے مقید کیا ہے کہ کپڑے میں لے کر رگڑنے کی صورت اس وقت جب تھوک نمازی پر غالب آجائے اور نمازی اس کے غلبے کے وقت دائیں بائیں جانب کا امتیاز نہ کر سکے، ایسی مجبوری میں اسے کپڑے میں لے کر مل دینا چاہیے، لیکن امام بخاری ؒ نے عنوان میں جس قید کا ذکر کیا ہے، وہ حدیث میں موجودنہیں۔
اس کے متعلق حافظ ابن حجر ؒ لکھتے ہیں:
عنوان کے الفاظ سے امام بخاری ؒ نے ان روایات کی طرف اشارہ فرمایا ہے جن میں تھوک کے غلبے کی قید موجود ہے جیسا کہ امام مسلم نے حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے بیان کیا ہے کہ ایسے حالات میں نمازی اپنی بائیں جانب یا اپنے بائیں پاؤں کے نیچے تھوک لے لیکن اگر تھوک عجلت پر مجبور کرے تو اسے اپنے کپڑے میں اس طرح لے لے۔
پھر اس کے ایک کنارے کو دوسرے پررگڑدے اسی طرح ابو داؤد میں حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ نمازی اپنے کپڑے میں تھوکے پھر ایک کنارے کو دوسرے سے رگڑ دے۔
یہ دونوں حدیثیں صحیح ہیں لیکن امام بخاری ؒ کی شرط کے مطابق نہیں ہیں، اس لیے امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے عنوان میں ان کی طرف اشارہ کردیا ہے کہ جن احادیث میں یہ تفصیل نہیں انھیں مفصل احادیث پر محمول کیا جائے۔
(فتح الباري: 665/1)
واللہ أعلم۔

امام بخاری ؒ کی یہ عادت ہے کہ وہ اپنے عناد ین سے بیشتر احادیث کے عموم کی تخصیص اطلاق کی تقیید یا خصوص کی تعیم کرتے ہیں بعض اوقات حدیث میں کوئی ابہام ہوتا ہے تو عنوان میں کسی لفظ کا اضافہ کر کے اس کی وضاحت کر دیتے ہیں اس قسم کے تراجم کو شارح کہا جاتا ہےمختصر یہ ہے اگر نماز میں تھوکنے کی ضرورت پیش آجائے تو موقع و محل کے مطابق ان تفصیلات پر عمل کیا جائے جو روایات سابقہ میں مذکورہیں اور ان میں ایک مجبور کن صورت مذکورہ حدیث میں بیان ہوئی ہے۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 417   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:531  
531. حضرت انس ؓ سے روایت ہے، انھوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: تم میں سے جب کوئی نماز پڑھتا ہے تو وہ اپنے پروردگار سے مناجات کرتا ہے، اس لیے وہ اپنی دائیں جانب نہ تھوکے، البتہ بائیں قدم کے نیچے تھوک سکتا ہے۔ اس روایت میں سعید (بن ابی عروبہ) اپنے شیخ حضرت قتادہ سے یہ الفاظ نقل کرتے ہیں: نمازی کو اپنے سامنے یا آگے نہیں تھوکنا چاہئے لیکن بائیں جانب یا اپنے قدموں کے نیچے تھوک سکتا ہے۔ شعبہ کی روایت میں ہے: اپنے سامنے یا دائیں جانب نہ تھوکے، بائیں جانب یا قدموں کے نیچے تھوک لے۔ حمید نے حضرت انس ؓ سے اس طرح نقل کیا ہے: قبلے کی جانب یا دائیں طرف نہ تھوکے، ہاں! اگر بائیں جانب یا قدموں کے نیچے تھوک لے تو کوئی حرج نہیں۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:531]
حدیث حاشیہ:
(1)
قبل ازیں مقررہ اوقات پر نماز ادا کرنے کی اہمیت و افادیت، نیز وقت مقرر سے مؤخر کر کے نماز ادا کرنے کی مذمت بیان ہوئی تھی۔
اس باب کا مقصد یہ ہے کہ نماز اللہ کی بارگاہ میں باریابی حاصل کر کے مناجات کا نام ہے جو بہت بڑا اعزاز ہے۔
اس کے لیے مقررہ اوقات کی پابندی ضروری ہے۔
نماز مؤخر کر کے ادا کرنا گویا اس اعزاز سے محروم ہو نے کے مترادف ہے۔
اللہ کے ہاں یہ ناپسندیدہ عمل ہے کہ بندہ اس کی بارگاہ میں جائے اور اوقات کی نزاکت کا خیال نہ رکھے۔
(فتح الباري: 21/2) (2)
اس حدیث میں مناجات کو اجمال کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔
دوسری روایات میں اس کی تفصیل ذکر کی گئی ہے، چنانچہ حدیث قدسی میں ہے:
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
میں نے نماز (مراد فاتحہ)
کو اپنے اور بندے کے درمیان تقسیم کردیا ہے اور بندے کو وہی ملے گا جس کا سوال کرے گا، چنانچہ جب بندہ ﴿الْحَمْدُ لِلَّـهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ﴾ کہتا ہے تو اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
میرے بندے نے میری حمد کی۔
اور جب بندہ ﴿الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ﴾ کہتا ہے تو اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
میرے بندے نے میری ثنا کی۔
اور جب بندہ ﴿مَالِكِ يَوْمِ الدِّينِ﴾ کہتا ہے تو اللہ تعالیٰ جواب دیتا ہے:
میرے بندے نے میری عظمت کا اعتراف کیا اور جب بندہ ﴿إِيَّاكَ نَعْبُدُ وَإِيَّاكَ نَسْتَعِينُ﴾ کہتا ہے تو اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
یہ میرے اور میرے بندے کے درمیان مشترک ہے،اور بندے کو اس کی طلب کردہ چیز ضرور دی جائے گی۔
اور جب بندہ ﴿اهْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِيمَ﴾ ﴿صِرَاطَ الَّذِينَ أَنْعَمْتَ عَلَيْهِمْ غَيْرِ الْمَغْضُوبِ عَلَيْهِمْ وَلَا الضَّالِّينَ﴾ کہتا ہے تو اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:
اس کا تعلق میرے بندے سے ہے اور بندے کو اس کی طلب کردہ چیز دی جاتی ہے۔
(صحیح مسلم، الصلاة، حدیث: 878(395)
اس بنا پر بندے کو دوران مناجات میں خلاف ادب چیزوں سے احتراز کرنا چاہیے، یعنی اپنے دائیں اور سامنے کی طرف تھوکنے سے پر ہیز کرنا چاہیے۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 531   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:1214  
1214. حضرت انس ؓ سے روایت ہے، وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی نماز میں ہوتا ہے تو اپنے رب سے سرگوشی کرتا ہے، اس لیے وہ اپنے آگے یا دائیں جانب نہ تھوکے بلکہ اپنی بائیں جانب قدم کے نیچے بائیں جانب تھوکے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1214]
حدیث حاشیہ:
(1)
اس حدیث سے بائیں جانب قدم کے نیچے تھوکنے کا جواز معلوم ہوتا ہے، لہٰذا دوران نماز میں بوقت ضرورت ایسا کرنے سے نماز خراب نہیں ہو گی، البتہ سامنے اور دائیں جانب تھوکنے کی ممانعت ہے۔
مسجد میں پختہ فرش ہونے کی وجہ سے تھوک دفن نہ ہو سکے تو تھوکنے کے لیے رومال وغیرہ استعمال کرنا چاہیے۔
(2)
پھونک مارنا بھی کسی شدید ضرورت کے پیش نظر جائز ہے، بلاوجہ دوران نماز میں پھونک مارنا خشوع کے خلاف ہے۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1214