تخریج: «أخرجه الدارقطني:3 /140، والبيهقي"8 /50، سفيان الثوري عنعن، وفيه علة أخري.»
تشریح:
1. اس حدیث سے معلوم ہوا کہ اگر ایک آدمی کو دو آدمی اس طرح قتل کریں کہ ایک نے پکڑے رکھا اور دوسرے نے اسے قتل کر دیا تو اس صورت میں قاتل کو قتل کیا جائے گا اور پکڑنے والے کو قید کی سزا دی جائے گی‘ اور یہ سزا عمر قید کی ہوگی یا عدالت کی صوابدید پر ہوگی۔
احناف اور شوافع کا یہی مسلک ہے مگر امام مالک ‘ نخعی اور ابن ابی لیلیٰ رحمہم اللہ کا قول یہ ہے کہ دونوں کو قتل کیا جائے گا کیونکہ دونوں اس کے قتل میں شریک ہیں۔
اگر پکڑنے والا اسے نہ پکڑتا تو ممکن ہے کہ وہ قاتل کے وار سے بچ کر بھاگ جاتا اور قتل نہ ہوتا۔
چونکہ اس کے قتل میں دونوں برابر کے شریک ہیں‘ لہٰذا سزا بھی دونوں کی برابر ہونی چاہیے۔
2. دیگر دلائل کی رو سے یہی‘ یعنی دوسرا موقف راجح معلوم ہوتا ہے کیونکہ مذکورہ روایت سنداً ضعیف ہے۔
واللّٰہ أعلم۔