ہم سے آدم بن ابی ایاس نے بیان کیا، کہا ہم سے شعبہ نے بیان کیا، ان سے قتادہ نے ان سے ابوالسوار عدوی نے بیان کیا، کہا کہ میں نے عمران بن حصین سے سنا، انہوں نے بیان کیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ”حیاء سے ہمیشہ بھلائی پیدا ہوتی ہے۔“ اس پر بشیر بن کعب نے کہا کہ حکمت کی کتابوں میں لکھا ہے کہ حیاء سے وقار حاصل ہوتا ہے، حیاء سے سکینت حاصل ہوتی ہے۔ عمران نے ان سے کہا میں تجھ سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث بیان کرتا ہوں اور تو اپنی (دو ورقی) کتاب کی باتیں مجھ کو سناتا ہے۔ [صحيح البخاري/كِتَاب الْأَدَبِ/حدیث: 6117]
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 6117
حدیث حاشیہ: حالانکہ بشیر بن کعب نے حکیموں کی کتاب سے حدیث کی تائید کی تھی مگر عمران نے اس کو بھی پسند نہیں کیا کیونکہ حدیث یا آیت سننے کے بعد پھر اوروں کا کلام سننے کی ضرورت نہیں، جب آفتاب آ گیا تو مشعل یا چراغ کی کیا ضرورت ہے۔ اس حدیث سے ان بعض لوگون کو نصیحت لینی چاہیئے جو حدیث کا معارضہ کسی امام یا مجتہد کے قول سے کرتے ہیں۔ شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ نے ایسے ہی مقلدین کے بارے میں بصد افسوس کہا ہے ''فما یکون جوابھم یوم یقوم الناس لرب العالمین'' قیامت کے دن ایسے لوگ جب بارگاہ الہٰی میں کھڑے ہوں گے اور سوال ہوگا کہ تم نے میرے رسول کا ارشاد کا سن کر فلاں امام کا قول کیوں اختیار کیا تو ایسے لوگ اللہ پاک کو کیا جواب دیں گے دیکھو۔ حجۃ اللہ البالغۃ اردو، صفحہ: 240۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 6117
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:6117
حدیث حاشیہ: (1) جو شخص حیا کی صفت سے متصف ہو گا اور وہ لوگوں سے حیا کرے گا کہ اگر لوگ اسے فسق و فجور میں مبتلا دیکھیں گے تو کیا کہیں گے ایسا انسان اللہ تعالیٰ سے بہت حیا کرے گا۔ جو انسان اللہ تعالیٰ سے حیا کرتا ہو تو حیا اسے حقوق و واجبات کے ضائع کرنے اور گناہوں کے ارتکاب سے روکے گی کیونکہ حیا فواحش و منکرات سے منع کرتی ہے اور نیکی پر ابھارتی ہے، جیسے ایمان، اہل ایمان کو فسق و فجور سے منع کرتا ہے اور گناہوں سے دور رکھتا ہے، لہذا ان امور میں حیا، ایمان کے مساوی ہے اگرچہ حیا ایک طبعی چیز ہے اور ایمان، مومن کا کسبی فعل ہے، چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے: ”حیا ایمان کا حصہ ہے۔ “(صحیح البخاري، الإیمان، حدیث: 24)(2) حضرت عمران بن حصین رضی اللہ عنہ، اس لیے ناراض ہوئے کہ حدیث سننے کے بعد دوسروں کا کلام سننے کی کوئی ضرورت نہیں جبکہ بشیر بن کعب نے حدیث سننے کے بعد حکماء کی حکمت بیان کرنا شروع کر دی۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6117
تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 156
حضرت عمران بن حصین رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضورِ اکرم ﷺ نے فرمایا: ”حیاء خیرو بھلائی ہی کا باعث ہے۔“ تو بشیر بن کعب نے کہا: حکمت کی کتابوں میں لکھا ہے کہ اس میں بعض وقار سے اور بعض سکون سے، تو عمران بن حصین رضی اللہ عنہ نے کہا: میں تمھیں رسول اللہ ﷺکی حدیث سناتا ہوں اور تم (اس کے مقابلہ میں) اپنی کتابوں کی باتیں سناتے ہو۔ [صحيح مسلم، حديث نمبر:156]
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث: : وقار: سوچ، سمجھ کر کام کرنا، عجلت اور جلد بازی کا مظاہرہ نہ کرنا، اس کے قریب سکینہ ہے، اطمینان اور سکون وثبات، اضطراب و گھبراہٹ سے احتراز کرنا۔ فوائد ومسائل: قرآن وحدیث کے مقابلہ میں کسی بڑے سے بڑے دانشمند یا امام کا قول پیش کرنا مناسب نہیں ہے، کیونکہ رسول معصوم ہے اور دوسرا کوئی انسان معصوم نہیں۔ آئندہ روایت میں تفصیل ہے کہ اس نے حیاء کی دو قسمین بنائیں اور کہا کہ بعض تو وقار اور سکون ہوتے ہیں اور بعض دفعہ حیاء آدمی کی کمزوری اور بزدلی ہوتا ہے، اس پر صحابی (رضی اللہ عنہ) کو غصہ آیا کہ نبی ﷺ تو حیا کو سراسر خیر کہہ رہے ہیں اور یہ حیاء کی بعض قسموں کو ضعف اوربزدلی قرار دے رہا ہے اس لیے اس پر ناراض ہوئے جیسا کہ اگلی حدیث میں تفصیل آرہی ہے۔