ہم سے عبداللہ بن مسلمہ نے بیان کیا، ان سے امام مالک نے، ان سے نافع نے، ان سے قاسم بن محمد نے اور انہیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زوجہ مطہرہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے خبر دی کہ انہوں نے ایک گدا خریدا جس میں مورتیں تھیں۔ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے دیکھا تو آپ دروازے پر کھڑے ہو گئے اور اندر نہیں آئے۔ میں آپ کے چہرے سے ناراضگی پہچان گئی۔ میں نے عرض کیا: یا رسول اللہ! میں اللہ سے اس کے رسول کے سامنے توبہ کرتی ہوں، میں نے کیا غلطی کی ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ گدا کیسا ہے؟ میں نے عرض کیا کہ میں نے ہی اسے خریدا ہے تاکہ آپ اس پر بیٹھیں اور ٹیک لگائیں۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ان مورتوں کے بنانے والوں کو قیامت کے دن عذاب دیا جائے گا اور ان سے کہا جائے گا کہ جو تم نے پیدا کیا ہے اب ان میں جان بھی ڈالو اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جس گھر میں مورت ہوتی ہے اس میں (رحمت کے) فرشتے نہیں داخل ہوتے۔ [صحيح البخاري/كِتَاب اللِّبَاسِ/حدیث: 5961]
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 5961
حدیث حاشیہ: باب اور حدیث میں مطابقت ظاہر ہے کہ جاندار چیزوں کی مورتوں والے گھر میں داخل نہیں ہوتے۔ بظاہر یہ اس حدیث کے خلاف ہے جس میں یہ ہے کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے گھر میں ایک پردہ لٹکایا تھا اس میں مورتیں تھیں۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم ادھر نماز پڑھ رہے تھے اورتطبیق یوں ہو سکتی ہے کہ شاید پردہ پر بے جان چیزوں کی مورتیں ہوں اور باب کی حدیث کا تعلق جاندار کی مورتوں سے ہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5961
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:5961
حدیث حاشیہ: (1) تصاویر بنانا اور رکھنا اللہ تعالیٰ کی نافرمانی ہے، اس لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس گھر میں داخل نہیں ہوئے جس میں تصاویر تھیں۔ ہمیں اس واقعے سے سبق لینا چاہیے۔ زہد و تقویٰ کا تقاضا یہی ہے کہ جس مجلس یا مقام میں اللہ تعالیٰ کی نافرمانی پر مبنی سامان ہو وہاں نہیں جانا چاہیے۔ (2) اس حدیث کی رو سے جس نکاح کی مجلس میں اختلاط مرد و زن ہو اور وہاں ویڈیو تیار کی جا رہی ہو اور زندگی کے حسین لمحات کو بطور یادگار محفوظ کیا جا رہا ہو، ایسی مجالس کا اہل علم کو بائیکاٹ کرنا چاہیے، اسی طرح جس گھر میں ٹیلی ویژن یا وی سی آر یا کیبل کے ذریعے سے فحش مناظر دکھائے جا رہے ہوں، ان کا بھی یہی حکم ہے۔ ایسی چیزوں کو ٹھنڈے پیٹ برداشت کرنا اللہ کے عذاب کو دعوت دینا ہے۔ العیاذ باللہ
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5961
تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث5364
´قیامت کے دن تصویریں اور مجسمے بنانے والے اس میں روح پھونکنے کے مکلف کیے جائیں گے۔` ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بلاشبہ یہ تصویریں بنانے والے قیامت کے دن عذاب پائیں گے اور ان سے کہا جائے گا: زندگی عطا کرو اسے جسے تم نے بنایا تھا۔“[سنن نسائي/كتاب الزاينة (من المجتبى)/حدیث: 5364]
اردو حاشہ: ”اور کہا جائے گا“ گویا عذاب اس کے علاوہ بھی ہوگا۔ اور یہ کہنا الگ عذاب ہوگا۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 5364
مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث2151
´پیشوں اور صنعتوں کا بیان۔` ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تصویریں بنانے والوں کو قیامت کے دن عذاب دیا جائے گا، اور ان سے کہا جائے گا جن کو تم نے بنایا ہے، ان میں جان ڈالو“۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب التجارات/حدیث: 2151]
اردو حاشہ: فوائد ومسائل:
(1) جاندار چیزوں کی تصویر بنانا حرام ہے، خواہ تصویر کاغذ، دیوار یا کپڑے وغیرہ پر بنائی جائے، یا مجسم شکل میں مٹی، پتھ، چینی یا پلاسٹک وغیرہ سے بنائی جائے۔
(2) بعض لوگ کہتے ہیں کہ تصویر کی ممانعت کی وجہ یہ ہے کہ ان کی پوجا کی جاتی تھی۔ یہ درست نہیں کیونکہ پوجا تو درختوں، ستاروں، سورج، چاند اور آگ کی بھی کی جاتی ہے لیکن اس کے باوجود ان چیزوں کا استعمال اور ان سے فائدہ اٹھانا حرام نہیں۔
(3) یہ دعویٰ بھی کیا جاتا ہے کہ سابقہ شریعتوں میں تصویر سازی اور مجسمہ سازی کی اجازت تھی، اگر یہ دعویٰ درست بھی ہو تو بھی کسی چیز کے سابقہ شریعت میں جائز ہونے سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ وہ ہمارے لیے بھی جائز ہے جب تک ہمارے پاس یہ واضح دلیل موجود نہ ہو کہ وہ ہماری شریعت میں بھی جائز ہے۔
(4) موجودہ دور میں تصویر کے بعض فوائد بیان کیے جاتے ہیں۔ مسلمان حکومتوں کا فرض ہے کہ ان مقاصد کے حصول کے لیے دوسرے جائز متبادل ذرائع تلاش کریں، خاص طور پر جب کہ تصویروں (فلم، ٹی وی، وی سی آر وغیرہ) کی وجہ سے معاشرے میں فحاشی، کافرانہ تہذیب کے فروغ اور کثرت جرائم کے جو خوفناک اور گھناؤنے نتائج سامنے آرہے ہیں، ان کے مقابل ان فوائد کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔
(5) تصویر بنانے والوں کو جان ڈالنے کا حکم انہیں شرمندہ کرنے اور ان کے جرم کی شناعت واضح کرنے کے لیے دیا جائے گا، اس طرح یہ حکم بھی اصل میں ایک عذاب ہی ہوگا۔
(6) منع کے اس حکم میں ہاتھ سے بنی ہوئی، کیمرے سے بنی ہوئی یا پریس میں چھپی ہوئی سب تصویرں شامل ہیں۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2151
الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 5528
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالی عنہا بیان کرتی ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میرے پاس تشریف لائے اور میں نے ایک طاق یا مچان پر ایسا پردہ ڈالا ہوا تھا، جس میں تصاویر تھیں تو جب آپ نے اسے دیکھا، اسے پھاڑ دیا اور آپ کے چہرے کا رنگ بدل گیا اور فرمایا: ”اے عائشہ! قیامت کے دن اللہ کے ہاں، سب سے سخت عذاب ان لوگوں کو ہو گا، جو اللہ کی تخلیق کی مشابہت اختیار کرتے ہیں“ حضرت عائشہ رضی اللہ تعالی عنہا بیان کرتی ہیں، ہم نے اس کو پھاڑ کر، اس سے ایک یا... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں)[صحيح مسلم، حديث نمبر:5528]
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث: سهوة: الماری، طاقچہ، کھڑکی، مچان، چھوٹا سا تہہ خانہ۔ فوائد ومسائل: بعض حضرات نے اس حدیث پر یہ اشکال پیش کیا ہے کہ نص قرآنی کی رو سے سخت ترین عذاب تو آل فرعون کو ہو گا اور اس حدیث میں سخت ترین عذاب مصور فوٹو گرافر کے لیے بیان کیا گیا ہے، علماء نے اس کے مختلف جواب دیے ہیں، لیکن صحیح بات یہ ہے کہ آیت میں آل فرعون کے لیے سخت ترین عذاب ہونے کا معنی یہ نہیں ہے کہ بس ان کے لیے خاص ہے، اس سخت ترین عذاب میں اور لوگ بھی مبتلا ہوں گے، فوٹو گرافر بھی ان میں داخل ہیں، اس لیے بعض جگہ من أشد الناس کی تصریح موجود ہے اور یہ حدیث حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے مختلف شاگردوں نے نقل کی ہے، اور ان سے آگے بہت سے راویوں نے نقل کی ہے اور ہر ایک نے اس کو اپنے اپنے الفاظ اور اپنے اپنے انداز میں بیان کی ہے اور کسی ایک نے بھی مکمل تفصیلات اور جزئیات بیان نہیں کیں، اس واقعہ کی تمام تفصیلات جمع کرنے سے اس کی صحیح صورت حال سمجھ آتی ہے، الگ الگ دیکھنے سے یہ مختلف واقعات نظر آتے ہیں، حالانکہ یہ ایک ہی واقعہ ہے اور آپ نے پردہ کے چاک کرنے کی مختلف وجوہ اور اسباب بیان فرمائے، کسی نے کوئی وجہ نقل کر دی، کسی نے کوئی دوسری وجہ بیان کر دی۔
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 5528
الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 5533
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالی عنہا بیان کرتی ہیں کہ اس نے ایک تصویروں والا تکیہ خریدا تو جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے دیکھا، دروازہ پر کھڑے ہو گئے، اندر تشریف نہیں لائے تو میں نے محسوس کر لیا، یا آپ کے چہرے پر کبیدگی کے آثار محسوس ہوئے تو حضرت عائشہ رضی اللہ تعالی عنہا نے کہا، اے اللہ کے رسولﷺ! میں اللہ او اس کے رسول کی طرف لوٹتی ہوں، مجھ سے کیا گناہ سرزد ہوا ہے؟ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”یہ گدا، تکیہ کس لیے ہے؟“ تو میں... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں)[صحيح مسلم، حديث نمبر:5533]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: اس حدیث سے ثابت ہوتا ہے، جس گدے اور تکیے کو پامال کیا جاتا ہے، یا اس کو زمین پر پھینکا جاتا ہے، کاٹے بغیر اس کو گھر میں رکھنا درست نہیں ہے، اس لیے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے کاٹ کر اس کے دو تکیے بنا لیے، تاکہ تصویر مسخ ہو جائے، اس لیے جمہور کا اس سے یہ استدلال کرنا کہ تصویر والا کپڑا اگر پامال کیا جائے تو پھر اس کے استعمال میں کوئی حرج نہیں ہے، درست نہیں کیونکہ نمرقة کے بارے میں یہ صراحت موجود ہے کہ آپ اس پر بیٹھیں اور اس کا سہارا لیں اور اگر نمرقة سے مراد یہاں پردہ ہو تو پھر بھی اس کو چاک کیا گیا ہے، کیونکہ پردہ لٹکایا بھی جا سکتا ہے اور بچھایا بھی جا سکتا ہے۔
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 5533
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 5954
5954. سیدہ عائشہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ ایک سفر سے واپس آئے تو میں نے اپنے گھر کے سائبان پر ایک پردہ لٹکا دیا جس پر تصویریں تھیں جب رسول اللہ ﷺ نے اسے دیکھا تو اسے کھینچ کر پھاڑ ڈالا اور فرمایا: ”قیامت کے دن سب سے زیادہ سنگین عذاب میں وہ لوگ گرفتار ہوں گے جو اللہ تعالٰی کی پیدا کی ہوئی چیزوں کی مشابہت کرتے ہیں۔“ سیدہ عائشہ ؓ نے بیان کیا کہ ہم نے (اس پردے کو پھاڑ کر) اس کے لیے ایک یا دو تکیے بنا لیے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:5954]
حدیث حاشیہ: یا ایک دو تکئے بنا لیے دوسری روایت میں اتنا زیادہ ہے کہ ہم ان پر بیٹھا کرتے تھے۔ مسلم کی روایت میں ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم ان پر آرام فرمایا کرتے تھے، باب کا مطلب اسی سے ظاہر ہے۔ حضرت علی بن عبداللہ مدینی حضرت امام بخاری کے استاد محترم حافظ حدیث ہیں۔ امام نسائی نے سچ کہا کہ ان کی پیدائش ہی خدمت حدیث کے لیے ہوئی تھی۔ ذی قعدہ سنہ232ھ میں بعمر سنہ 73 سال انتقال فرمایا۔ رحمه اللہ۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5954
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 7557
7557. سیدنا عائشہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”بلاشبہ ان تصویریں بنانے والوں کو قیامت کے دن عذاب دیا جائے گا اور ان سے کہا جائے گا: جو تم نے پیدا کیا تھا ان کو زندہ کرو۔“[صحيح بخاري، حديث نمبر:7557]
حدیث حاشیہ: مرا د وہ لوگ ہیں جو تصویریں بنانا حلال جان کر بنائیں وہ کافر ہی ہوں گے۔ بعضوں نےکہا یہ بطور زجر کے ہے کیونکہ مسلمان ہمیشہ کے لیے عذاب میں نہیں رہ سکتا۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 7557
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:6109
6109. سیدہ عائشہ ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ میرے ہاں تشریف لائے اور گھر میں ایک پردہ لٹکا ہوا تھا جس پر تصویریں تھیں۔ (اسے دیکھ کر) آپ ﷺ کا چہرہ مبارک متغیر ہوگیا۔ پھر آپ نے وہ پردہ پکڑا اور اسے پھاڑ دیا۔ ام المومنین نے بیان کیا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: ”قیامت کے دن ان لوگوں کو سخت عذاب دیا جائے گا جو یہ تصویریں بناتے ہیں۔“[صحيح بخاري، حديث نمبر:6109]
حدیث حاشیہ: (1) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تصویروں والا پردہ دیکھ کر اسے ٹھنڈے پیٹ برداشت نہیں کیا اور نہ کسی قسم کی نرمی ہی کا مظاہرہ کیا بلکہ غصے میں آئے، پردے کو پکڑا اور اسے پھاڑ کر رکھ دیا، پھر آپ نے اس پر وعید بھی سنائی کہ قیامت کے دن ایسے لوگوں کو سخت عذاب دیا جائے گا جو اس طرح کی تصویریں بناتے ہیں۔ (2) اس سے یہ بھی معلوم ہوا کہ جس طرح تصویر کشی حرام اور کبیرہ گناہ ہے، اسی طرح اسے شوق سے گھر میں رکھنا اور دیواروں پر لٹکانا بھی سخت جرم ہے۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ گھر میں ایسی چیزوں پر کڑی نظر رکھیں جو اللہ تعالیٰ کے غضب کا باعث ہیں۔ واللہ المستعان ww
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6109